کراچی کے علاقے کلفٹن میں نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کلفٹن توقیر محمد نعیم نے ڈان کو بتایا کہ بوٹ بیسن کے علاقے میں دو مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے این ایل سی کی گاڑی کو روک کر اس میں موجود نقدی لوٹنے کی کوشش کی۔

ڈکیتی کی کوشش پر گاڑی میں موجود افراد نے مزاحمت کا سامنا کیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح ملزمان کی فائرنگ سے گاڑی میں موجود 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج ایک زخمی دم توڑ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے چینی باشندہ جاں بحق

توقیر محمد نعیم کا کہنا تھا کہ ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے علاقے میں تعینات پولیس وین پر بھی فائرنگ کی جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ہلاک و زخمی افراد ممکنہ طور پر پاک فوج کے اہلکار تھے۔

گاڑی پر حملے میں ایک شخص ہلاک

دوسری جانب صفورا چورنگی کے قریب کار پر حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ کمسن بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوئے۔

ایس ایچ او سچل شاکر علی کا کہنا تھا کہ امیر علی اپنی گاڑی میں نیو رضویہ سوسائٹی سے آرہے تھے کہ مرکزی روڈ پر بینک الحبیب کے قریب مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

مزید پڑھیں: کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے رینجرز اہلکار جاں بحق

فائرنگ کے نتیجے میں امیر علی ہلاک جبکہ ان کے 28 سالہ بھتیجا علی رضا اور ڈھائی سالہ بھتیجا زخمی ہوئے۔

شاکر علی نے واقعے کے پیچھے ڈکیتی کی کوشش کے امکان کو رد کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس واقعے کے اصل محرکات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں