بولٹ اور ساؤدھی کی تباہ کن باؤلنگ، انگلینڈ 58 رنز پر ڈھیر

22 مارچ 2018
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 6 اور ٹم ساؤدھی نے 4 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے پی
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 6 اور ٹم ساؤدھی نے 4 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے پی

آکلینڈ: ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤدھی نے انگلینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی دھجیاں اڑا دیں اور مہمان انگلش ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 58 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی بولٹ اور ساؤدھی کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا اور 27 رنز پر اس کے 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے لیکن لیکن کریگ اوورٹن نے جیمز اینڈرسن کے ساتھ 10ویں وکٹ کی شراکت میں 31 رنز جوڑ کر ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ میں کم ترین اسکور پر آؤٹ ہونے سے بچا لیا۔

جمعرات کو آکلینڈ میں شروع ہونے والے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بولٹ اور ساؤدھی نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر کے دکھایا۔

بولٹ اور ساؤدھی کی جوڑی نے کسی بھی انگلش بلے باز کو وکٹ پر ٹھہرنے کا موقع نہ دیا اور انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں صرف 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ایلسٹر کک 5، مارک اسٹون مین 11، ڈیوڈ ملان 2، کرس ووکس 5 اور اینڈرسن 1 رن جبکہ کپتان جوروٹ، بین سٹوکس، جونی بیئرسٹو، معین علی اور سٹورٹ براڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

ایک موقع پر انگلش ٹیم 27 رنز پر 9 وکٹوں سے محروم ہو گئی تھی اور انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے سب سے کم اسکور 45 رنز پر آؤٹ ہونے کا خطرہ درپیش تھا لیکن کریگ اوورٹن نے ناقابل شکست 33 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو اس خفت سے بچا لیا۔

انگلش ٹیم کی بے بسی کا انداز اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ پانچ کھلاڑیوں کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہ ملا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے 6 اور ساؤتھی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 175 رنز بنا کر مجموعی طور پر 117 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

جیت راول 3، ٹام لیتھم 26 اور روس ٹیلر20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ولیمسن 91 اور ہنری نیکولس 24 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن نے 2 اور براڈ نے ایک وکٹ حاصل کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں