گزشتہ ہفتے 19 مارچ کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سلمان خان کے ساتھ 1995 میں ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر فلم ‘ویرگاتی’ میں کام کرنے والی اداکارہ پوجا ڈڈول کسمپرسی کی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

اداکارہ نے غربت اور مالی پریشانی کے باعث اپنے مداحوں سمیت اداکار سلمان خان سے مالی مدد کی التجا کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پوجا ڈڈوال نے ہسپتال کے بستر سے ویڈیو پیغام کے ذریعے سلمان خان سے مالی مدد کرنے کی درخواست کی تھی۔

پوجا ڈڈول کی ہسپتال میں کھینچی گئی تصاویر وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر بھی کئی مداحوں نے سلمان خان سے ساتھی اداکارہ کی مدد کرنے کی التجا کی تھی۔

بیمار ساتھی اداکارہ کی درخواست پر سلمان خان نے ایک ہفتے بعد نوٹس لیتے ہوئے ان کے علاج کے تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: بیمار ساتھی اداکارہ کی سلمان خان سے مالی مدد کی التجا

انڈیا ٹی وی کے مطابق پونے میں ہوالی ‘دا بنگ’ پریس کانفرنس کے دوران سلمان خان نے پوجا ڈڈوال کی بیماری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کو اداکارہ کے تمام اخراجات اٹھانے کی ہدایت کردی۔

سلمان خان کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی فلاحی تنظیم ‘بیئنگ ہیومن’ کی انتظامیہ اور اپنی ٹیم کو پوجا ڈڈوال کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کردی ۔

دبنگ ہیرو نے پوجا ڈڈوال کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی ساتھی اداکارہ ماننے سے انکار کردیا۔

سلمان خان نے وضاحت کی کہ پوجا ڈڈوال نے ‘ویرگاتی’ میں ان کے خلاف نہیں بلکہ فلم کے معاون ہیرو اتل اگنی ہوتری کے خلاف کردار ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی میڈیا نے سلمان کی ساتھی اداکارہ کے بجائے دوسری لڑکی کو بیمار بنادیا

ٹائیگر زندہ ہے ہیرو کے مطابق پوجا ڈڈوال ان کی نہیں بلکہ اتل اگنی ہوتری کی ساتھی اداکارہ تھی، تاہم انہوں نے ایک ہی فلم میں کام کیا۔

‘دا بنگ’ پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ کترینہ کیف اور سوناکشی سنہا سمیت دیگر اداکاروں نے بھی شرکت کی۔

پریس کانفرنس کے دوران سلمان خان کی جانب سے کترینہ کیف کو کافی پیش کیے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے شیئر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پوجا ڈڈول رواں ماہ مارچ کے آغاز سے ہی ممبئی کے ہسپتال میں ٹی بی اور پھیپھڑوں کے مرض کے باعث زیر علاج ہیں۔

اپنی بیماری سے متعلق پوجا ڈڈوال کا کہنا تھا کہ انہیں 6 ماہ قبل پتہ چلا کہ وہ ٹی بی میں مبتلا ہیں۔

ماضی کی اداکارہ نے غربت کی وجہ سے سلمان خان سے مالی مدد کی التجا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے پاس چائے پینے کے پیسے تک نہیں، جب کہ بیماری اور غربت کے باعث ان کے شوہر نے بھی انہیں چھوڑ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان کے بجائے دوسرے اداکار نے بیمار اداکارہ کی مدد کردی

پوجا ڈڈوال کا کہنا تھا کہ انہوں نے اداکاری کے بعد گووا کے ایک کافی بار میں ملازمت اختیار کرلی تھی، تاہم بیماری کے باعث وہ نوکری برقرار نہ رکھ سکیں۔

سلمان خان کی جانب سے مدد سے قبل ہی پانچ دن قبل ان کے اور ساتھی اداکار روی شنکر نے ان کی مدد کی تھی۔

روی شنکر نے ان کے ساتھ 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘تم سے پیار ہوگیا ہے’ میں کام کیا تھا۔

انہوں نے اداکارہ کو نقد رقم اور پھلوں کا تحفہ بھجوایا تھا اور اب سلمان خان نے بھی ان کے علاج کے تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں