بولی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی کی طویل عرصے بعد ریلیز ہونے والی فلم ‘ہچکی’ نے ابتدائی تین دن میں اگرچہ اندازوں سے کم کمائی کی، تاہم فلم تنقید نگاروں سے اچھے تجزیے بٹورنے میں کامیاب ہوگئی۔

خیال رہے کہ رانی مکھرجی ‘ہچکی’ کے ذریعے 4 سال بعد فلم اسکرین پر نظر آئیں، اس سے قبل 2014 میں ان کی آخری فلم ‘مردانی’ تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنی شادی اور بیٹی کی پیدائش کے باعث فلمی دنیا سے دوری اختیار کرلی تھی۔

انہوں نے اپریل 2014 میں فلم ساز ادیتیہ چوپڑا سے یورپی ملک اٹلی میں خاموشی سے شادی کرلی تھی، جن سے انہیں 2015 میں ایک بیٹٰی بھی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ‘ہچکی’ میں رانی مکھرجی ٹیچر کے روپ میں

شادی اور بچی کی پیدائش کے بعد 4 سال تک وہ اسکرین سے دور رہیں، تاہم تین دن قبل 23 مارچ کو ان کی فلم ‘ہچکی’ کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق ‘ہچکی’ نے تین دن میں اندازوں سے کم کمائی کی، تاہم فلم کو تنقید نگاروں نے اچھے موضوع پر بہترین فلم قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق ‘ہچکی’ نے بھارت بھر سے تین دن کے اندر 15 کروڑ 40 لاکھ روپے کمائے۔ ‘ہچکی’ نے سب سے زیادہ کمائی 25 مارچ کو کی، اتوار کو فلم نے بھارت بھر سے 6 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد پیسے بٹورے۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ رانی مکھرجی کی فلم ابتدائی تین دن میں 30 کروڑ روپے میں کمانے میں کامیاب جائے گی، کیوں کہ وہ طویل عرصے بعد اسکرین پر نظر آئیں ہیں۔

تاہم فلم نے اندازوں سے کم کمائی کی۔

مزید پڑھیں: شادی شدہ اداکارہ اور رانی مکھرجی کا درد

واضح رہے کہ ‘ہچکی’ کی کہانی دماغی مرض یا خلل میں مبتلا ایک خاتون ٹیچر کے گرد گھومتی ہے۔

رانی مکھرجی نے شاندار طریقے سے خاتون ٹیچر کا کردار نبھایا ہے۔

فلم کی ہدایات سدھارتھ ملہوترا نے دی ہیں، جب کہ اسے رانی مکھرجی کے شوہر ادیتیہ چوپڑا اور منیش شرما نے پروڈیوس کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں