خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے ہتھالہ میں ڈی پی او زاہد اللہ کا قافلہ سرچ آپریشن سے واپس آرہا تھا کہ سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں اسکواڈ میں شامل 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے، تاہم حملے میں زاہد اللہ محفوظ رہے۔

زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) ڈیرہ اسمٰعیل خان منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں انچارج اور ڈرائیور شامل ہیں۔

حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں