پاکستان کے ہر گھر میں عام استعمال ہونے والا ایک مصالحہ آپ کو ہمیشہ صحت مند رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

ہوسکتا ہے کہ اس مصالحے کو چبانا آسان نہ ہو مگر پسی ہوئی سرخ مرچیں آپ کی صحت پر جادوئی اثرات مرتب کرتی ہیں، جن کے بارے میں جان کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

جوڑوں اور مسلز کے درد میں کمی

سرخ مرچ جوڑوں اور مسلز کے درد میں کمی لانے میں مدد دے سکتی ہے، کیپسیئن نامی جز جو ان مرچوں میں پایا جاتا ہے، ایسی متعدد ادویات میں پایا جاتا ہے جو کہ جوڑوں کے امراض اور مسلز کے درد کے لیے کھائی جاتی ہیں۔ چند چٹکی سرخ مرچ پاﺅڈر کو 2 سے 3 چائے کے چمچ زیتون کے تیل میں ملائیں، اسے روزانہ درد سے متاثر جوڑوں میں لگائیں، شروع میں جلن کا احساس ہوگا، مگر ایک ہفتے میں یہ حساسیت ختم ہوجائے گی، تاہم اس سیال کو منہ، آنکھوں وغیرہ سے دور رکھیں۔

کیلوریز جلانے میں مددگار

ایک تحقیق کے دوران 25 افراد کو کھانے کے ساتھ آدھا چائے کا چمچ سرخ مرچ کا استعمال کرایا گیا تو ان کی کھانے کی اشتہا کم ہوگئی جبکہ کیلوریز تیزی سے جلنا شروع ہوگئیں۔ رضاکاروں نے اعتراف کیا کہ نمکین، چربی یا میٹھے کھانوں کے لیے ان کی خواہش میں کمی آگئی ہے۔

بند ناک کھولے

کیپسیئن ایسا طاقتور جز ہے جو کہ نظام تنفس کی گزرگاہ میں بلغم کو خارج کرکے گزرگاہوں کو کھول دیتا ہے۔ اس پاﺅڈر کو کھانے پر چھڑکیں اور بس۔

بلڈ شوگر لیول کم کرے

امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ذیابیطس کے شکار افراد معتدل مقدار میں سرخ مرچ پاﺅڈر سے بنے پکوان کو کھائیں تو انہیں اس کے بعد بلڈ شوگر لیول کو کم کرنے کے لیے انسولین کی ضرورت کم پڑتی ہے۔ محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ مصالحہ ذیابیطس کے خلاف فائدہ مند ہے۔

دوران خون بہتر کرے

کیپسیئن دوران خون کو بہتر کرنے والا جز بھی ہے اور اس حوالے سے یہ ایسی ادویات یا سپلیمنٹس سے بہتر ثابت ہوتا ہے جو کہ دوران خون کے مسائل کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ یو ایس نیشنل لائبریری آف میڈیسین کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ کیپسیئن بلڈ پریشر کی سطح کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

سانس کی بو دور کرے

سرخ مرچ پاﺅڈر کا ایک اور فائدہ ہے کہ یہ سانس کی بو سے نجات میں مدد دیتا ہے۔ یہ منہ میں لعاب دہن بننے میں مدد دیتا ہے جو کہ سانس کی بو کی روک تھام کے لیے ضروری ہے جبکہ منہ کی نمی برقرار رہتی ہے۔ منہ خشک ہونے کا نتیجہ سانس کی بو کی صورت میں نکلتا ہے۔

وٹامن اے کے حصول کا اچھا ذریعہ

یہ مرچیں وٹامن اے کے حصول کا بھی اچھا ذریعہ ہے، وٹامن اے صحت مند بینائی، دماغی افعال، جسمانی دفاعی نظام مضبوط بنانے، خلیات کی تیز نشوونما اور صحت مند جلد میں مدد دیتا ہے۔ یہ جسم میں گردش کرنے والے فری ریڈیکلز سے ہونے والے ورم کے خلاف بھی مزاحمت کرتا ہے، روزنہ 2 چائے کے چمچ اس مصالحے کے ذریعے تجویز کردہ وٹامن اے کی مقدار حاصل کی جاسکتی ہے۔

نظام ہاضمہ بہتر کرے

جیسا اوپر لکھا جاچکا ہے کہ یہ مرچیں لعاب دہن بنانے میں مدد دیتی ہیں، جب تھوک بنانے والے گلینڈز متحرک ہوتے ہیں تو نظام ہاضمہ کا عمل بھی حرکت میں آجاتا ہے۔ اسی طرح یہ مرچیں انزائمے کو حرکت میں لاتے ہیں جو نظام ہاضمہ کو درست طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

every Mar 31, 2018 09:15pm
i a daily user of red peper(lal mirch) and it giving me relief in musles pain