آئی فون کا 'اسپیشل ایڈیشن' متعارف

09 اپريل 2018
— فوٹو بشکریہ ایپل
— فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل نے غیر متوقع طور پر اپنا ایک نیا آئی فون متعارف کرا دیا ہے۔

ویسے تو یہ آئی فون 8 اور آئی فون 8 پلس ہی ہے مگر اس کی انفرادیت یہ ہے کہ لگاتار دوسرے سال ایپل نے اپنی اس فلیگ شپ ڈیوائس کو سرخ رنگ میں اسپیشل ایڈیشن کے طور پر پیش کیا ہے۔

اس سے پہلے گزشتہ سال ایپل کی جانب سے پہلی بار آئی فون سیون اور سیون پلس کے سرخ رنگ میں اسپیشل ایڈیشن کو متعارف کرایا گیا تھا اور اب مسلسل دوسرے سال ایسا کیا ہے۔

مزید پڑھیں : آئی فون ایکس کے بجائے آئی فون ایٹ کیوں خریدا جائے؟

پیر (8 اپریل) کو ایپل نے اپنے فلیگ شپ فون کے اس نئے ورژن کو متعارف کرایا جو کہ ریڈ پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد افریقہ میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے مقابلے کے لیے فنڈز اکھٹا کرنا ہے۔

آئی فون ایٹ پلس — فوٹو بشکریہ ایپل
آئی فون ایٹ پلس — فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کے مطابق 2006 سے ریڈ پروگرام کے ساتھ شراکت داری کے دوران وہ 16 کروڑ ڈالرز سے زائد عطیہ کرچکی ہے۔

تاہم آئی فون ایکس کو اس منفرد رنگ میں متعارف نہیں کرایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون میں منفرد ٹیکنالوجی استعمال کیے جانے کا امکان

یہ آئی فون کی دس سالہ تاریخ میں دوسری بار ہے کہ اس رنگ کا فون فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

اس اسپیشل ایڈیشن آئی فون کی قیمت گزشتہ سال ستمبر میں متعارف کرائے گئے آئی فون ایٹ اور ایٹ پلس جتنی ہی ہے۔

یہ فون رواں ہفتے کے دوران دستیاب ہوگا اور آئی فون ایٹ (ریڈ ایڈیشن) 699 ڈالرز (70 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ آئی فون ایٹ پلس (ریڈ ایڈیشن) 799 ڈالرز (80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں