امریکی اداکارہ میگھن مارکل اور برطانوی شہزادے ہیری کی شادی تو آئندہ ماہ 19 مئی کو ہونی ہے، تاہم اس جوڑے کی رومانوی داستان، ان کا لائف اسٹائل اور ان کی شادی کے بعد کی زندگی کئی ماہ سے دنیا بھر میں زیر بحث ہے۔

اب اس بحث میں اور بھی اضافہ ہوگیا ہے، کیوں کہ میگھن مارکل کی آنے والی بائیوگرافی کتاب کے اقتسابات سامنے آنے کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق 36 سالہ میگھن مارکل کی زندگی پر برطانوی صحافی اور شاہی خاندان کے لکھاری اینڈریو مارٹن کی لکھی کتاب جلد ہی برطانیہ میں شائع کردی جائے گی۔

’میگھن اے ہولی وڈ پرنسز‘ کے نام سے لکھی گئی کتاب میں نہ صرف ان کے مستقبل کے ارادوں کے بارے میں بتایا گیا ہے بلکہ ان کی ماضی کے زندگی کے بھی راز فاش کیے گئے ہیں۔

کتاب میگھن مارکل کی پہلی شادی اور شوہر سے طلاق سمیت ان کےبرطانوی شہزادے ہیری سے تعلقات اور شاہی خاندان سے متعلق ان کی سوچ سے متعلق بھی کئی باتیں لکھی گئی ہیں۔

خیال رہے اداکارہ میگھن مارکل کی پہلی شادی فلم پروڈیوسر 41 سالہ ٹریور انگلسن سے 2011 میں ہوئی جو 2 سال چلنے کے بعد 2013 میں ختم ہوئی۔

میگھن مارکل پہلے شوہر ٹریور اینگلس کے ساتھ—فائل فوٹو: میٹرو
میگھن مارکل پہلے شوہر ٹریور اینگلس کے ساتھ—فائل فوٹو: میٹرو

اگرچہ ان دونوں کی شادی انتہائی کم عرصہ چلی، تاہم ان دونوں کے تعلقات 2004 میں استوار ہوئے تھے، جو 7 سال بعد شادی اور پھر 2 سال بعد طلاق پر ختم ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: میگھن مارکل برطانوی شہزادی کیوں نہیں بن سکتیں

کہا جاتا ہے کہ میگھن مارکل برطانوی شہزادے ہیری سے شادی سے قبل بھی رابطے میں تھی۔

میگھن مارکل کی آنے والی بائیوگرافی کتاب میں ان کے قریبی دوستوں اور اہل خانہ سمیت ان کے ساتھ رابطے میں رہنے والے افراد کے تاثرات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

کتاب میں میگھن مارکل کے کئی دوستوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وہ برطانوی شاہی خاندان کی بہو بننے کے بعد لیڈی ڈیانا سے بھی بہتر شہزادی بننے کی خواہاں ہیں۔

ان کے دوستوں کے مطابق میگھن مارکل میں یہ اہلیت ہے کہ وہ لیڈی ڈیانا سے بہتر بن کر دکھائے۔

کتاب میں میگھن مارکل کی انتہائی قریبی اور بچپن کی دوست کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ اداکارہ نہ صرف متعدد سالوں سے برطانوی شاہی خاندان کے قریب ہیں، بلکہ وہ لیڈی ڈیانا کا اپڈیٹ ورژن یعنی 2 پوائنٹ زیرو لیڈی ڈیانا بننا چاہتی ہیں۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

تاہم کتاب کے لکھاری اینڈریو مارٹن نے میگھن مارکل اور لیڈی ڈیانے کا موازنہ کرنے کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان دنوں کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

اینڈریو مارٹن کے مطابق لیڈی ڈیانا نے انتہائی کم عمری یعنی 20 سال میں شہزادہ چارلس سے شادی کی، جب کہ میگھن مارکل اس وقت 36 سال کی عمر میں ہیں۔

اس کتاب میں میگھن مارکل کو ایک اداکارہ کے طور پر ہی متعارف کرایا گیا ہے، تاہم ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ انہیں اداکاری میں بھی ان کے سابق شوہر نے متعارف کرایا اور ان کی وجہ سے ہی وہ معروف ہوئیں۔

کتاب میں میگھن مارکل کے بچپن، لڑکپن، جوانی اور طالب علمی کے دور سمیت ان کے والدین اور اہل خانہ کی کہانی بھی بیان کی گئی ہے۔

—فوٹو: ٹوئٹر
—فوٹو: ٹوئٹر

مزید پڑھیں: شاہی شادی میں صرف 600 مہمان شریک ہوں گے

کتاب کے سامنے آنے والے اقتسابات سے پتہ چلتا ہے کہ میگھن مارکل کے والدین اس وقت الگ ہوگئے، جب وہ محض 2 سال کی تھی اور ان کی عمر 5 سال ہونے کے بعد ان میں طلاق ہوگئی۔

کتاب میں بتایا گیا ہے کہ میگھن مارکل نے ناردرن ویسٹرن یونیورسٹی سے تھیٹر اور انٹرنیشنل ریلیشن (آئی آر) میں گریجوئیشن کی، جب کہ انہوں نے 6 ہفتوں تک ارجنٹینا میں امریکی سفارت خانے میں پریس سیکریٹری کی انٹرنشپ بھی کی۔

کتاب میں کہا گیا ہے کہ اگر میگھن مارکل امریکا کے محکمہ خارجہ میں نوکری کرتیں تو یقینا سپر پاور ملک میں ایک بہترین سفارتکار کا اضافہ ہوتا۔

کتاب میں میگھن مارکل کی شہزادے ہیری سے شادی کے بعد انہیں پیش آنے والی چند ابتدائی مشکلات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، تاہم کہا گیا ہے کہ وہ جلد ہی برطانوی شاہی خاندان میں اہم مقام حاصل کرنے میں کامیاب جائیں گی۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں