سام سنگ نے اپنا ایک نیا 'سستا' ڈوئل کیمرہ فون جے 7 ڈیو متعارف کرا دیا ہے۔

یہ فون بھارت میں متعارف کرایا گیا ہے جو کہ 12 اپریل سے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا تاہم خاص بات اس میں گلیکسی نوٹ 8 اور گلیکسی ایس 9 پلس جیسے چند فیچرز کی اس ڈیوائس میں موجودگی ہے۔

یہ سام سنگ کی جے سیریز کا پہلا فون ہے جس میں ڈوئل کیمرہ دیا گیا ہے۔

اس کے بیک پر 13 اور 5 میگا پکسل کے کیمرے دیئے گئے ہیں جبکہ فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرہ ہے۔

تینوں کیمروں میں ایف 1.9 آپرچر اور ایل ای ڈی فلیش موجود ہے جبکہ لائیو فوکس اور پس منظر دھندالنے جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔

لائیو فوکس کے ذریعے صارفین اپنے پسند منظر کو تصویر سے پہلے یا بعد میں دھندلا سکتے ہیں جبکہ بیک گراﺅنڈ بلور شیپ فیچر سے صارفین تصویر میں سافٹ لائٹ ایفیکٹ کا اضافہ کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں : سام سنگ کے 3 فون پاکستان میں متعارف

یہ 5.5 انچ کے ایچ ڈی سپر امولیڈ ڈسپلے کے ساتھ ہے جس میں کمپنی کے اپنے ایکسینوس 7 سیریز اوکٹا کور پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 4 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے 256 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اینڈرائیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم، 3000 ایم اے ایچ بیٹری، فنگر پرنٹ سنسر، آر جی بی لائٹ سنسر اور یو ایس بی 2.0 پورٹ وغیرہ بھی اس کا حصہ ہیں۔

اس فون میں فیس ان لاک فیچر بھی دیا گیا ہے جو کہ صارفین کو چہرے سے ڈیوائس کو ان لاک کرنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ کا پہلا ڈوئل سیلفی کیمرہ فون متعارف

یہ فون بھارت میں بلیک اور گولڈ رنگوں میں 16 ہزار 900 بھارتی روپے (لگ بھگ 30 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت کیا جائے گا۔

تاہم اس کی پاکستان آمد کب ہوگی، اس بارے میں کچھ کہنا فی الحال مشکل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں