آپ صبح سو کر اٹھیں اور دانت صاف کرتے ہوئے شیشے میں دیکھیں اور اس میں آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے نظر آئیں، تو کیسا دھچکا لگے گا؟

آپ گزشتہ شب 8 گھنٹے سوئے تھے، تو کیا وہ بھی کافی نہیں؟ درحقیقت ایسے متعدد عناصر ہیں جو آنکھوں کے گرد ان بدنما سیاہ حلقوں کے باعث بن سکتے ہیں، مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس کے متعدد آسان حل بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں : آنکھوں کے گرد حلقوں کا باعث بننے والی 5 وجوہات

یہاں آپ طرز زندگی کی ان آسان تبدیلیوں کو جان سکیں گے جو کہ آنکھوں کے گرد ابھرنے والے ان سیاہ حلقوں کو نمایاں حد تک کم کرسکیں گے۔

زیادہ نیند

اگر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نظر آئیں تو سب سے پہلا قدم جو ہونا چاہئے وہ زیادہ سونا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق عام طور پر سیاہ حلقے نیند کی کمی کے باعث خون کی شریانیں سکڑ جانے کا نتیجہ ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو مناسب نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔ زیادہ سونے سے خون کی روانی بڑھ جاتی ہے اور آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے کم ہونے لگتے ہیں۔

گھریلو ٹوٹکے

ٹھنڈے کھیرے آنکھوں کے نیچے موجود حصے کو سکون پہنچا سکتے ہیں جس سے سوجن اور سرخی کم ہوتی ہے۔ کھیروں کو اس جگہ رکھنا خون کی سکڑ جانے والی شریانیں کو پھیلاتا ہے اور اس میں موجود پانی کی زیادہ مقدار آنکھوں کے گرد جلد کی نمی بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ آپ اس کے لیے ٹھنڈے سلور کے چمچ کی مدد بھی لے سکتے ہیں، یعنی چمچ کو آنکھوں کے نیچے رکھنا اس حصے کو سکون پہنچاتا ہے۔

صحت بخش غذا

ایک اور آسان حل اس بات کا شعور پیدا کرنا ہے کہ آپ کیا کھا اور پی رہے ہیں، طبی ماہرین کے مطابق بہت زیادہ نمک کھانا آنکھوں کے نچلے حصے کو پھلا دیتا ہے، کم نمک والی غذا آنکھوں کے نیچے سیال کے اکھٹا ہونے کی مقدار کم کرتا ہے۔ اسی طرح کیفین اور چینی کے استعمال میں بھی کمی لانا چاہئے جس سے ڈی ہائیڈریشن کا امکان کم ہوتا ہے۔

ورزش کو معمول بنائیں

ورزش جسمانی توانائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کیفین کی ضرورت کم کرتی ہے اور آنکھوں کے نیچے حلقوں کو دور کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ اسی طرح ورزش سے دوران خون کی روانی بھی بہتر ہوتی ہے جس سے بھی سیاہ حلقے دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔

آنکھوں کو نہ مسلیں

آنکھوں کے نچلے حصے کو کبھی نہ مسلیں، عمر بڑھنے کے ساتھ جلد پتلی ہونے لگتی ہے اور آنکھوں کے نچلے حصے کی جلد پہلے ہی کافی پتلی ہوتی ہے تو اس حصے کی بہت زیادہ نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے، مسلنے سے آنکھوں کی ننھی شریانیں متاثر ہوتی ہیں جس سے بدنما حلقے نمایاں ہوتے ہیں۔

بہت زیادہ پانی پینا

ایک آسان حل زیادہ مقدار میں پانی پینا ہے، جسم میں نمی کو مستحکم رکھنا آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں سے نجات میں مدد دیتا ہے۔ جب جسم پانی کی کمی کا شکار ہوتا ہے تو ردعمل کے طور پر وہ پانی ذخیرہ کرنے لگتا ہے، جس سے آنکھوں کا نچلا حصہ پھولنے لگتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے 8 دفعہ روزانہ پانی پینا عادت بنائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں