سڈنی: سیون نیٹ ورک اور فاکس اسپورٹس نے مشترکہ طور پر ریکارڈ 1.2 ارب ڈالرز کے عوض آئندہ 6برس کے لیے آسٹریلین ہوم کرکٹ کے نشریاتی حقوق حاصل کر لیے اور چینل نائن 40 برسوں میں پہلی مرتبہ کینگروز کے ہوم ٹیسٹ میچز کی نشریات سے محروم ہو گیا۔

چینل9 کی کوریج کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب اس وقت کے ارب پتی تاجر کیری پیکر نے 1970 کی دہائی میں ورلڈ سیریز کرکٹ کا آغاز اعلان کیا تھا اور اس باغی کرکٹ لیگ سے دنیا کے تقریباً تمام صف اول کے کرکٹرز منسلک ہو گئے تھے جس سے عالمی کرکٹ بڑے بحران سے دوچار ہو گئی تھی۔

اس وقت سے اب تک چینل 9 ہی کرکٹ آسٹریلیا کے تمام میچز کی کوریج کرتا تھا لیکن 40 سال سے زائد عرصے کے بعد چینل اس اعزاز سے محروم ہو گیا۔

سیون نیٹ ورک اور فاکس اسپورٹس سے نیا معاہدہ کرکٹ آسٹریلیا کے ریوینیو میں بڑا اضافہ ہے اور اس میں بگ بیش لیگ کے لیے بھی 100 ملین ڈالرز شامل ہیں۔

معاہدے کے تحت سیون نیٹ ورک اور فاکس اسپورٹس اگلے 6 برس کے دوران ہر سال تمام مینز ٹیسٹ میچز، ویمنز کے تمام بین الاقوامی میچز سمیت 43 مینز بگ بیش لیگ اور 23 ویمنز بگ بیش لیگ کے میچز نشر کرے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ پہلی مرتبہ تمام آسٹریلین ویمنز میچز، ایلن بارڈر اور بلینڈا کلارک میڈل نائٹ کی تقریب بھی نشر کرے گا۔

دوسری جانب فاکس اسپورٹس مینز ٹیسٹ، مینز ون ڈے، مینز ٹی ٹونٹی، ویمنز انٹرنیشنلز، تمام بی بی ایل میچز، 23 ویمنز بی بی ایل میچز، ایلن بارڈر اور بلینڈا کلارک میڈل نائٹ، پرائم منسٹر الیون اور گوورنر جنرل الیون میچز، شیفلڈ شیلڈ فائنل اور 13 ون ڈے کپ میچز نشر کرے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے اسے انقلابی شراکت داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ہمارے لیے باعث فخر ہے، اس سے گراس روٹ کرکٹ میں سرمایہ کاری میں اضافہ اور ملک میں خواتین کرکٹ کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں