امریکی ریاست کیرولینا کے جنوبی حصے کی مقامی جیل میں رات گئے جھگڑے میں 7 قیدی ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لی کوریشنل انسٹیٹیوٹ میں جھگڑے کا آغاز اتوار کی شب ہوا جس پر رات ڈھائی بجے قابو پالیا گیا۔

یہ پڑھیں: امریکی جیلوں میں 350 سے زائد پاکستانیوں کے قید ہونے کا انکشاف

جیل حکام نے تصدیق کی کہ ‘لی سی آئی سینٹر میں جھگڑے کے واقعے میں 7 قیدی ہلاک ہوگئے اور 17 زخمی قیدیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی’۔

اس حوالے سے ٹوئٹ کیا گیا کہ حالات پر قابو پانے کے لیے سیکیورٹی فورس اور جیل گارڈز کے دستوں میں شامل تمام اہلکار محفوظ رہے۔

حکام کے مطابق واقعے میں ملوث متعدد قیدیوں سے 3 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

قیدیوں کی تعداد کے حوالے سے بتایا گیا کہ لی کوریشنل انسٹیٹیوٹ میں تقریباً 16 سو قیدی ہیں، اس جیل کی سیکیورٹی انتہائی سخت ہے، جسے 1993 میں تعمیر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا بدنام زمانہ ‘گوانتانامو بے’ جیل فعال کرنے کا فیصلہ

مقامی اخبار کے مطابق جنوبی کیرولینا جیل میں ہلاک ہونے والے قیدیوں کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں دگنی تھی۔

2017 میں 12 اور 2016 میں 5 قیدی ہلاک ہوئے تھے۔


یہ خبر 17 اپریل 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں