چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور یوں تو رومانٹک اور کامیڈی کرداروں میں ورسٹائل اداکاری کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، تاہم ہر ہیرو کی طرح وہ بھی فلموں میں کچھ خاص کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

سیلز مین سے پروفیشنل ملازم اور آوارہ ہیرو کے کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور چاہتے ہیں کہ ان کے لیے کوئی بولی وڈ ہدایت کار ایسی فلم بنائے جو اسپورٹس پر مبنی ہو۔

2005 سے ’بلیک‘ سے اداکاری کی شروعات کرنے والے 35 سالہ رنبیر کپور چاہتے ہیں کہ وہ کسی ایسی فلم میں کام کریں، جس میں وہ ایتھلیٹ کا کردار ادا کریں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق رنبیر کپور نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے متعدد ایسے ایتھلیٹ کھلاڑی ہیں، جنہوں نے دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کیا، جن پر فلم بننی چاہیے۔

—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

بظاہر رنبیر کپور نے کسی خاص ایتھلیٹ کا نام لیے بغیر خواہش کا اظہار کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں کسی ایسی فلم کی پیش کش ہو، جس میں ایتھلیٹ بنیں۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر کپور سموکنگ کی عادت سے عاجز

رنبیر کپور نے فلم میں اسپورٹس مین بننے کی خواہش کا اظہار ایسے وقت میں کیا جب انہوں نے دیگر بولی وڈ اداکاروں کے ساتھ مل کر ’میجک بس فاؤنڈیشن‘ نامی سماجی تنظیم کے لیے فنڈ جمع کرنے کے لیے کھیلی گئی میچ میں کھیل کا مظاہرہ پیش کیا۔

رنبیر کپور سماجی تنظیم کی جانب سے فنڈ جمع کیے جانے کے غرض سے کرائے گئے میچ میں اس ٹیم کا حصہ تھے جس میں ان کے علاوہ دیگر 18 بولی وڈ اداکار بھی میدان میں اترے۔

فنڈ جمع کرنے کے لیے کھیلی گئی میچ میں اداکاروں کی ٹیم میں رنبیر کپور کے علاوہ ارجن کپور، ابھیشک بچن، ڈینو موریا اور کرٹک آریان سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔

—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

میجک بس فاؤنڈیشن نامی تنظیم کا مقصد بھارت کی 22 ریاستوں کے 77 اضلاع کے غریب اور بے سہارا بچوں کی مدد کرنا ہے۔ اس میچ کے بعد رنبیر کپور نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بولی وڈ میں کوئی ایسی فلم بھی بنے جس میں کسی بھارتی ایتھلیٹ کی خدمات کو دکھایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بولی وڈ پر کسی بھارتی فٹ بالر پر بھی فلم بننی چاہیے۔

خیال رہے کہ رنبیر کپور بھارت میں ہونے والی فٹ بال لیگ ’انڈین سپر لیگ‘ (آئی ایس ایل) کی ٹیم ممبئی سٹی ایف سی کے شریک مالک بھی ہیں۔

مزید پڑھیں: رنبیر کپور نے 13 کلو وزن بڑھا لیا، مگر کیوں؟

وہ نہ صرف اس فٹ بال ٹیم کے شریک مالک ہیں، بلکہ وہ آئی سی ایل میچز کے دوران گراؤنڈ میں بھی رہتے ہیں اور کھلاڑیوں کے ساتھ اچھا وقت بھی گزارتے ہیں۔

’برفی، تماشہ، یہ جوانی ہے دیوانی، اے دل ہے مشکل، عجب پریم کی غضب کہانی، راک اسٹار، بچنا اے حسینو، رائے، راکٹ سنگھ سیلز مین آف دی ایئر‘ جیسی فلموں میں اداکاری دکھانے والے رنبیر کپور آج تک کسی اسپورٹس فلم میں نظر نہیں آئے۔

اگرچہ گزشتہ چند سال میں بولی وڈ کے اندر اسپورٹس فلمیں بنانے کا رجحان چل پڑا ہے اور متعدد فلمیں بنائی بھی جاچکی ہیں، تاہم رنبیر کپور کو آج تک کسی اسپورٹس فلم میں کاسٹ نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں