اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور اداکار سنجے دت کا شمار بولی وڈ کی ان کامیاب آن اسکرین جوڑیوں میں کیا جاتا ہے جن کی ہر فلم باکس آفس پر دھوم مچا دیتی ہے۔

یہ دونوں ماضی کے کامیاب اداکاروں میں سے ہیں جن کے افیئر کی خبریں بھی طویل عرصے تک میڈیا میں رہیں، اور کئی متنازع بیانات کے باعث ان دونوں نے گزشتہ 25 سالوں سے ایک ساتھ کام نہیں کیا۔

تاہم اب یہ دونوں دوبارہ نئی فلم کے ساتھ اسکرین پر جلوے دکھانے کے لیے تیار ہیں، جس کا اعلان اداکارہ سنجے دت نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی کیا۔

سنجے دت نے اپنی ٹویٹ میں فلم کا پہلا پوسٹر شیئر کرنے کے ساتھ اس کے نام کا اعلان بھی کیا، جبکہ فلم میں موجود دیگر کاسٹ کے نام بھی شیئر کیے۔

’کلنک‘ نامی اس فلم میں مادھوری ڈکشٹ، سوناکشی سنہا، عالیہ بھٹ، ورن دھون اور ادتیا روئے کپور کام کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کی ہدایات ابھیشیک ورمن دیں گے جب کہ اسے کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی ’دھرما‘ کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا، یعنی کرن جوہر اس کے پروڈیوسر بنیں گے۔

فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر نے بھی اپنے اکاؤنٹ پر فلم کے پوسٹر کو شیئر کیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم کو 1940 کے اسٹائل و انداز کے تحت بنایا جائے گا، جس میں ہندوستان کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ہونے والے واقعات بھی دکھائے جائیں گے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کرن جوہر کے والد یش جوہر نے اس پروجیکٹ پر سالوں کام کیا، اور ایسی افواہیں بھی تھیں کہ انہوں نے اس دور میں پاکستان کو صحیح انداز میں پیش کرنے کے لیے لاہور کا بھی دورہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: مادھوری ڈکشٹ نے سری دیوی کی جگہ لے لی

فلم کے لیے فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا خصوصی طور پر لباس تیار کریں گے۔

اس اہم ترین فلم کو ہدایت کار ساجد نڈیاڈوالا کے پروڈکشن ہاؤس ’فاکس اسٹار‘ کے اشتراک سے بنایا جائے گا، جب کہ اس کے لیے خصوصی سیٹ تیار کیے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ وہی فلم ہے جس میں مادھوری سے قبل آنجھانی سری دیوی کو کاسٹ کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ ماہ ان کے انتقال کے بعد فلم میں مادھوری ڈکشٹ کو ان کی جگہ سائن کیا گیا۔

سری دیوی کی بیٹی نے بھی اس خبر کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا تھا۔

اس وقت قیاس آرائیاں تھیں کہ فلم کا نام ’شدت‘ رکھا گیا ہے، تاہم اب اس کے نام کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سری دیوی گزشتہ ماہ 24 فروری کو دبئی کے معروف ایمیریٹس ٹاور ہوٹل میں نہانے کے دوران باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہلاک ہوئی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں