کوئٹہ میں آٹو پارٹس کی دکان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے ایک فرد جاں بحق ہوگئے۔

کوئٹہ پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد نے آٹو پارٹس کی دکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دکان دار موقع پر دم توڑ گئے۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ مقتول کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا اور واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی لگتا ہے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں حالیہ مہینوں میں ہزارہ برادری پر یہ چوتھا حملہ ہے تاہم کسی گروہ کی جانب سے ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

کوئٹہ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات میں ہزارہ برادری کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جس کے خلاف شدید احتجاج بھی ہوتا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:کوئٹہ:فائرنگ سے ہزارہ برادری کا ایک فرد جاں بحق

نیشنل کمیشن آف ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر) کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کی گئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ میں گزشتہ 5 برسوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 509 ہزارہ برادری کے افراد کو قتل کیا گیا اور مختلف واقعات میں 627 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ یاد رہے کہ تین روز قبل کوئٹہ میں چرچ کے قریب فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

قبل ازیں رواں ماہ کے اوائل میں کوئٹہ کے کندھاری بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والا ایک فرد جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں