قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ کے سیکریٹری برائے محکمہ بلدیات کے ذاتی سیکریٹری (پی ایس) سے بڑی مقدار میں سونا، برائز بانڈز، رقم اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کرلیں۔

نیب حکام کے جاری بیان کے مطابق نیب نے ملزم رمضان سولنگی کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا اور آج احتساب عدالت سے ملزم کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔

خیال رہے کہ ان کی نشاندہی پر نیب نے گارڈن کے علاقے میں قائم ملزم کے گھر میں سرچنگ کی، جہاں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے مختلف مقامات پر غیر قانونی رقم چھپا رکھی ہے۔

مزید پڑھیں: حیدرآباد: 'اربوں کی کرپشن' کے الزام میں باپ بیٹا گرفتار

نیب حکام کے مطابق گھر میں سرچنگ کے دوران نیب نے ملزم کے گھر سے لاکھوں مالیت کے زیورات، نقدی اور پرائز بانڈ برآمد کیے۔

نیب کے مطابق ملزم کے گھر سے 3 کروڑ 15 لاکھ روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی، 18 لاکھ روپے مالیت کے پرائز بانڈز، 100 تولہ سونا، زیورات، دیگر قیمتی اشیاء اور دستاویزات برآمد کی گئیں۔

نیب کے مطابق ابتدائی تفتیش اور کچھ حاصل دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم مختلف اداروں کے سربراہان سے ماہانہ لاکھوں روپے رشوت جمع کرتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اربوں روپے کی کرپشن، شرجیل میمن کو نیب حکام نے گرفتار کرلیا

یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم بلدیاتی حکومت کے محکمے کے فنڈز میں ہیر پھیر کرنے والے ملزمان کا ایک گینگ بھی چلا رہا تھا۔

نیب کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں اور برآمدگیاں متوقع ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں