ایپل اپنا سستا ترین آئی فون متعارف کرانے کے لیے تیار؟

20 اپريل 2018
آئی فون ایس ای — فوٹو بشکریہ ایپل
آئی فون ایس ای — فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کے آئی فون مارکیٹ میں دستیاب مہنگے ترین اسمارٹ فونز میں سے ایک ہوتے ہیں مگر کیا آپ اس کمپنی کی سستی ڈیوائس خریدنا پسند کریں گے؟

اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ کمپنی بہت جلد اپنے بجٹ فون آئی فون ایس ای کا نیا ورژن متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مگر آئی فون ایس ای 2 ہی نہیں بلکہ آئی فون ایکس کا سستا ماڈل بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

جی ہاں ایسا آئی فون ایکس جس کی قیمت 550 ڈالرز تک ہوسکتی ہے جس کا گزشتہ سال کا ماڈل 999 ڈالرز سے شروع ہوتا ہے۔

ایپل کے حوالے سے مختلف پیشگوئیاں کرنے والی کمپنی کے جی آئی سیکیورٹیز کی جانب سے ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون ایکس جیسے متعدد فیچرز والا 6.1 انچ نیا آئی فون متعارف کرایا جاسکتا ہے مگر اس کی قیمت 50 فیصد تک کم ہوگی۔

ایپل نے گزشتہ دنوں یور ایشین اکنامک کمیشن میں پیٹنٹ جمع کرایا ہے جس میں 11 مختلف نمبروں کا ذکر ہے۔

ایپل کی جانب سے کسی ایک آئی فون کے لیے متعدد ماڈل نمبر دینا عام ہے، تو یہ کہنا تو مشکل ہے کہ یہ کتنے آئی فونز ہوسکتے ہیں مگر وہ کم از کم 2 ضرور ہوسکتے ہیں۔

مگر ماہرین کا ماننا ہے کہ ایپل سستے آئی فون ایس ای 2 کو متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا پہلا ورژن مارچ 2016 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

دیگر آئی فونز کے برعکس جن کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا رہتا ہے ، ایس ای 4 انچ اسکرین کے ساتھ ہے جس کی قیمت 349 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے۔

ایپل کی جانب سے جمع کرائے گئے پیٹنٹ سے یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ مختلف اسکرین شائز، کیمرہ یا دیگر فیچرز سے لیس ایس ای ماڈلز ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ایسا مانا جارہا ہے کہ نیا آئی فون ایس ای 2 ایپل کی ڈویلپرز کانفرنس کے موقع پر رواں سال جون میں سامنے آسکتا ہے۔

اس کے ساتھ بڑی اسکرین کے ساتھ آئی فون ایکس کو بھی پیش کیا جاسکتا ہے جس میں ڈوئل سم کارڈ سپورٹ کے ساتھ 6.1 انچ کی ایج ٹو ایج اسکرین ہوسکتی ہے جس کی قیمت 650 ڈالرز تک ہونے کا امکان ہے۔

تاہم اسی کا سنگل سم سپورٹ والا ورژن 550 ڈالرز کا ہوسکتا ہے۔

تاہم اس اسکرین میں اوریجنل آئی فون ایکس کے او ایل ای ڈی ڈسپلے کی بجائے ایل سی ڈی اسکرین دیئے جانے کا امکان ہے تاکہ قیمت کو کم رکھا جاسکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں