لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز فخر زمان نےٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کو خوابوں کی تعبیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنا قدرتی کھیل پیش کریں گے۔

چیمپیئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی خصوصاً فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف سنچری کی بدولت فخر زمان محدود اوورز کی کرکٹ میں قومی ٹیم کا لازمی جزو بن گئے اور اپنی مستقل عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی منتخب ہونے میں کامیاب رہے۔

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سلیکشن کمیٹی نے انہیں ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرکے جو اعتماد کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

فخر زمان نے کہا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دوران اس خواب کی تعبیر مل رہی ہے، کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنا قدرتی کھیل پیش کروں۔

ایک سوال کے جواب میں فخر زمان نے کہاکہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کا تجربہ رکھتے ہیں لیکن انہیں یقین ہے کہ ٹیسٹ میں بھی بیٹنگ کرتے وقت کسی قسم کی دشواری نہیں ہوگی کیونکہ میں ڈومیسٹک میں 4روزہ میچز کھیل چکا ہوں اس لیے ٹیسٹ میچز میں کھیلنا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

فخر نے کہاکہ ٹیم مینجمنٹ جو پلان دے گی اس کے مطابق کھیلوں گا اور میں اوپننگ کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈر میں بھی بیٹنگ کرسکتا ہوں جس کا مظاہرہ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں کر چکا ہوں لہٰذا مینجمنٹ جس نمبر پر بھی بیٹنگ کے لیے بھیجے گی مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے مزید کہا کہ نگلینڈ کی کنڈیشنز سے آگاہ ہوں اور مخالف ٹیم کی باؤلنگ دیکھ کر اپنے آپ کو ایڈجسٹ کروں گا جبکہ انگلش باؤلرز کی ویڈیوز دیکھ کر اپنی حکمت عملی بنارہا ہوں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم اور اور کوچ عاقب جاوید سے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے دوران بہت کچھ سیکھا اور واضح کیا کہ لیگ کرکٹ کے مقابلے میں ان کی پہلی ترجیح ملک کی نمائندگی کرنا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں