کراچی: نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سالانہ یادگاری تقریب کے دوران 7 پاکستانی فوجیوں کو اعزاز سے نوازا گیا، جنہوں نے عالمی امن مشن اور سیکیورٹی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو نے تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور امن مشن میں شامل افراد، جنہوں نے اپنے فرائض سر انجام دیتے ہوئے جانیں گنوائیں، کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ میں یادگار پاکستانی شام

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے دنیا بھر میں جاری امن مشن میں پاکستان سب سے زیادہ فوجی اہلکار فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔

اقوام متحدہ نے جن پاکستانی فوجیوں کو اعزاز سے نوازا، ان میں وسطی افریقہ کی ریاست میں اقوام متحدہ کے ملٹی ڈائیمنشنل انٹیگریٹڈ اسٹیبلائزیشن مشن میں فرائض انجام دینے والے نائیک قیصر عباس، دارفور میں اقوام متحدہ کے ہائیبرڈ آپریشن اور افریقی یونین میں فرائض انجام دینے والے سپاہی یاسر عباس شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ میں یوم پاکستان منانے کا منصوبہ

ان کے علاوہ جمہوری ریاست کونگو میں اقوام متحدہ کے آرگنائزیشن اسٹیبلائزیشن مشن میں ڈیوٹی دینے والے سپاہی محمد اشتیاق عباسی، کونگو میں مونیوسکو میں ڈیوٹی پر مامور حوالدار ذیشان احمد اور نائیک عطاالرحمٰن، وسطی ریاست افریقہ میں فرائض انجام دینے والے حضرت بلال اور نائیک عبدالغفور شامل ہیں۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 20 اپریل 2018 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں