پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کے سرکاری دورے کے دوران عوامی جمہوریہ چین کے وزیرِ دفاع و اسٹیٹ کونسلر جنرل وے فینگ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور پیشہ وارانہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: خطے کی بدلتی صورتحال پاک چین تعلقات کے لیے آزمائش سے کم نہیں

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ نے جنرل وے فینگ کو عوامی جمہوریہ چین کا وزیرِ دفاع تعینات ہونے پر مبارک باد دی اور ’ون چائنا‘ پالیسی اور چین کے دیگر بنیادی مفادات کے سلسلے میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین موجود قریبی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔

چینی وزیرِ دفاع نے پاکستان کی جانب سے چین کی حمایت پر پاک بحریہ کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین مضبوط تعلقات کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک چین اقتصادی راہداری کا ماسٹر پلان کیا ہے؟

انہوں نے پاکستان کے بنیادی مفادات کی حمایت کے سلسلے میں چین کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

جنرل وے فینگ نے پاکستان کو ہر مشکل دور کا دوست قرار دیا۔

اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں شخصیات نے اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی اور غیر علاقائی آبادی کے لیے ’ون بلٹ ون روڈ‘ کے جزو کے طور پر اس منصوبے کو خوشحالی اور اقتصادی ترقی کا منصوبہ قرار دیا۔

مزید پڑھیں: شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری پاک چین دوستی کی اصل وجوہات

قبل ازیں، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کی دفاعی صنعت کی اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران پاک بحریہ کے حالیہ اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 20 اپریل 2018 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں