لندن میں موجود معروف مادام تساؤ میوزیم میں ویسے تو کئی بولی وڈ اسٹارز کے مومی مجسمے موجود ہیں، لیکن کرن جوہر وہ پہلے بھارتی ہدایت کار ہیں جن کا مجسمہ اس عجائب گھر کی زینت بن گیا۔

کرن جوہر نے اپنے ٹوئٹر پر اس خبر کو مداحوں سے شیئر کیا۔

اپنی ٹویٹ میں ہدایت کار نے ایک تصویر شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے اعلان کیا کہ ’مادام تساؤ جیسے شاندار میوزیم میں پہلے بھارتی ہدایت کار کے مومی مجسمے کا اعزاز ملنا بڑی بات ہے، لندن کی مکمل ٹیم کا شکریہ، مزید تفصیلات جلد بتاؤں گا‘۔

خیال رہے کہ کرن جوہر کے مومی مجسمے کی تقریب رونمائی کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا، جبکہ یہ بھی دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ فلم ساز کا مجسمہ کس شخصیت کے مجسمے کے ساتھ رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں: مادام تساؤ میوزیم میں کترینہ کا مومی مجسمہ

یاد رہے کہ حال ہی میں اداکارہ کترینہ کیف کا مومی مجسمہ بھی نیویارک میں موجود مادام تساؤ میوزیم کا حصہ بنایا گیا۔

کترینہ کیف کے دو اور مجسمے لندن اور دہلی کے مادام تساؤ میوزیم میں بھی موجود ہیں۔

ان کے علاوہ لندن کے اس عجائب گھر میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان ، سلمان خان، ریتک روشن، ایشوریہ رائے، کرینہ کپور اور مادھوری ڈکشٹ کے مجسمے بھی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ کرن جوہر اس وقت اپنی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ اور ’کلنک‘ کی پروڈکشن میں مصروف ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں