اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) نے آئندہ ماہ 2 مئی کو اسلام آباد میں قومی ورکرز کنونشن منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری کہتے ہیں کہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہی ایم ایم اے کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ لوگ پارلیمنٹ اور آئین کی پاسداری نہیں بلکہ لوٹ مار کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: مذہبی سیاسی جماعتوں کا متحدہ مجلس عمل بحال کرنے کااعلان

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم ایم اے میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کی کوشش ہے کہ وہ اقتدار میں آکر ملک میں جاری اس کرپشن کو ختم کریں۔

مولانا غفور حیدری کے ہمراہ میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں اسلم نے کہا کہ ملک آج تک نظریہ پاکستان سے منسلک نہیں ہو سکا۔

نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیاب ہو کر مرکز اور صوبوں میں حکومتیں بنائیں گے، اور ملک کو نظریہ پاکستان سے منسلک کریں گے۔

ایم ایم اے کے رہنماوؤں کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ایم ایم اے کا مقابلہ سیکولر لابی کے ساتھ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ایم اے کی بحالی میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کا الزام مسترد

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک نظریے کا نام ہے اور اسی نظریے کا تحفظ ہر قیمت میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس 14 دسمبر کو ملک کی کچھ مذہبی جماعتوں نے متحدہ مجلس عمل کو بحال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 2018 کے عام انتخابات میں اسی پلیٹ فارم سے حصہ لینے کا اعلان تھا۔

جن جماعتوں نے اجلاس میں شرکت کی ان میں جمعیت علما اسلام (ف)، جماعت اسلامی، جمعیت علما پاکستان (جے یو پی)، مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اسلامی تحریک پاکستان (آئی ٹی پی) نے شرکت کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں