راولپنڈی: ریلوے کے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان ریلویز 50 ارب روپے تک ریوینیو حاصل کرلے گا۔

یاد رہے کہ ریلویز نے رواں مالی سال میں 32 ارب روپے تک ریوینو پیدا کرنے کا ہدف مختص کیا تھا لیکن متعلقہ وزارت کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ جون 2018 تک محکمہ 50 ارب روپے تک ریوینیو حاصل کرے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خیبر میل میں نئی بوگیوں کے اضافے کے حوالے سے منعقدہ تقریب رونمائی کے بعد ریلویز کے وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ’اس کے باوجود 3 ارب روپے کا نقصان متوقع ہے لیکن ریونیو کے ہدف میں 18 ارب روپے اضافے کا امکان ہے جس سے محکمے کو اپنی سہولیات کو مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی‘۔

مزید پڑھیں: ملک بھر کے ریلوے پھاٹک پر 2 ہزار چوکیداروں کی بھرتی کا فیصلہ

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 5 سال میں محکمے کی مال بردار سہولت بہتر ہوئی ہے جو اس سے قبل تقریبا ختم ہوچکی تھی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ’پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے باعث پاکستان ریلویز رواں مالی سال میں منافع بخش ادارہ بن گیا ہے‘۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ریلویز میں مزید بہتری اور ادارے کی مالی حالت بہتر بنانے کے لیے فوری طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے ادارے کو ایک منافع بخش ادارہ بنا دیا ہے اس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے مزید بہتری کی ضرورت ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے اراضی اسکینڈل: ‘سابق چیف’ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ

خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ ’ٹرینوں کی وقت پر آمد ورفت، ریلوے کوچز اور انجن کی بہتر حالت کے باعث لوگوں نے ٹرین میں سفر کو ترجیح دینا شروع کی، مسافروں کو دوبارہ ریلوے کی جانب واپس لانا حکومت کی کامیابی ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلویز کے 73 ہزار ملازمین اور 18 ہزار پینشنرز ہیں جبکہ ادارے کا 65 سے 68 فیصد ریوینیو ملازمین کی ویلفیئر کے لیے استعمال ہورہاہے۔


یہ رپورٹ 22 اپریل 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

Bilal Apr 22, 2018 07:16pm
۷۳۰۰۰ ملازمین۔ ۔ اور ۱۸۰۰۰ پینشنر۔۔ یہ نوے ہزار کی نفری ریلوے کا زیادہ تر بجٹ کہا رہے ہیں۔ اور بدلے میں کونسی خدمت کر رہے ہیں؟؟