پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قبائلیوں کے مسائل کو ملک دشمنوں کی نذر نہیں ہونے دینا اس لیے ان مسائل کو حل کرنا ہے کیونکہ قبائلیوں نے فورسز کے ساتھ مل کرقیام امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر میرانشاہ میں تاجروں کے جرگے میں شرکت کی جہاں انھوں نے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے گفت وشنید کی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کوئی بھی مسئلہ ایسا نہیں ہے جو مذاکرات سے حل نہ ہوسکے، قبائلیوں نے فورسز کے ساتھ مل کرقیام امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آپریشنز سے دہشت گردی ختم ہوئی، اب پہلے سے بہتر ماحول ملے گا اورعوامی مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امن کو ملک دشمنوں کے ہاتھوں خراب نہیں ہونے دیں گے۔

جرگے میں میرانشاہ کے تاجروں کے نقصان کی زر تلافی کے تعین کے لیے پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان کی نگرانی میں ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس میں متاثرہ تاجر بھی شامل ہوں گے۔

تاجروں نے کمیٹی کے قیام اور اس معاملے پر پاک فوج کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اور جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے ’’پاک فوج اور پاکستان زندہ باد‘‘کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر میرانشا مارکیٹ کے صدر محمدصدیق کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے پاکستان اور پاکستان ہے تو ہم ہیں۔

پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق میرانشاہ اور میر علی کے بازاروں کے لیے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو مقررہ مدت میں دکان داروں کے نقصانات کا تخمینہ لگائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ عمائدین اور مشران کے ساتھ مل کر علاقے کا امن بحال رکھیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں