لاہور: پاکستان میں بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے بھارت سے آئے ایک لاپتہ سکھ یاتری کو تلاش کرلیا گیا۔

حکام کے مطابق 23 سالہ امرجیت سنگھ 12 اپریل کو بھارت سے پاکستان میں داخل ہوا اور اسے 21 اپریل کو دیگر 17 سو سکھ یاتروں کے ہمراہ واپس جانا تھا۔

یہ پڑھیں: بیساکھی میلہ: 1717 سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد

اس حوالے سے بتایا گیا کہ امرجیت سنکھ کو آج براستہ واہگہ بارڈر بھارت کے حوالے کردیا جائے گا۔

متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے ذمہ دار نے بتایا کہ ‘امرجیت سنگھ ویزے کی تاریخ تنسیخ سے پہلے ہی ننکانہ صاحب چھوڑ کر لاپتہ ہو گیا تھا، جس کے بعد سے معاملہ انتہائی حساس نوعیت اختیار کرگیا اور خفیہ اداروں نے بڑے پیمانے پر تلاش کا عمل شروع کیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ سکھ یاتری کی والدہ 21 اپریل تک واپس نہ آنے پر سخت پریشان تھیں۔

ذرائع نے بتایا سیکیورٹی اداروں نے امرجیت سنگھ کو شیخوپورہ سے اپنی تحویل میں لیا جہاں وہ اپنے دوست کے گھر رہائش پذیر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بیساکھی کا میلہ شروع

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ‘اب وہ خفیہ دفاعی اداروں کی تحویل میں ہے اور اسے ایک سے دو روز میں بھارت بھیج دیا جائے گا۔’

ای ٹی پی بی کے سیکریٹری طارق وزیر نے بتایا کہ امرجیت سنگھ کو بروز منگل (آج) بھارت روانہ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ امرجیت سنگھ اپنا گروپ چھوڑ کر ننگانہ صاحب کے قریب شیخوپورہ میں دوست سے ملنے گیا اور دو چار دن تک واپس نہیں آیا تو لاپتہ سکھ یاتری کے اہل خانہ نے خود ہم سے رابطہ کیا’۔

اس سے قبل ای ٹی پی بی انتظامیہ نے وزارت داخلہ اور خارجہ امور سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو امرجیت سنگھ کی گمشدگی کے بارے میں اطلاع کر دی تھی اور وزارت خارجہ نے بھی مذکورہ رپورٹ کی تصدیق کی۔


یہ خبر 24 اپریل 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں