کینیڈا: وین سے حملہ کرنے والا ملزم کیسے گرفتار کیا گیا؟

25 اپريل 2018
وین حملے سے 10 افراد ہلاک ہوئے تھے—فوٹو: ٹورنٹو اسٹار
وین حملے سے 10 افراد ہلاک ہوئے تھے—فوٹو: ٹورنٹو اسٹار

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں 2 دن قبل وین کے ذریعے کم سے کم 10 افراد کو کچل کر ہلاک اور 15 افراد کو زخمی کرنے والے مشتبہ ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ 23 اپریل کی دوپہر کو ایک ملزم نے ٹورنٹو کے مصروف ترین علاقے میں فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والے افراد پر تیز رفتار وین چڑھادی تھی، جس سے موقع پر ہی 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

بعد ازاں مزید ایک زخمی شخص دم توڑ گیا تھا، جب کہ واقعے میں 15 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی تھیں۔

ابتدائی طور پر کینیڈین پولیس نے حملے سے متعلق کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا تھا تاہم اب پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر راہگیروں پر وین چڑھائی۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’دی ٹیلی گراف‘ کے مطابق پولیس نے واقعے کے چند گھنٹے بعد ہی جائے وقوع کے قریب ایک مشتبہ شخص کو اسلحے سمیت گرفتار کیا، بعد ازاں جس پر اب 10 افراد کے قتل کا مقدمہ دائر کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار مشتبہ ملزم کی شناخت 25 سالہ ایلک میناسیان کے نام سے ہوئی ہے، جس سے متعلق پولیس کے پاس تاحال زیادہ معلومات نہیں ہیں۔

پولیس کے پاس مشتبہ ملزم کے حوالے سے اس سے قبل کوئی شکایت یا ریکارڈ موجود نہیں، جس سے یہ معلوم کیا جائے کہ گرفتار شخص عادی مجرم ہے یا نہیں؟

ملزم کون ہے؟

ایلک میناسیان کا زیادہ ریکارڈ دستیاب نہیں—فوٹو: ٹیلی گراف
ایلک میناسیان کا زیادہ ریکارڈ دستیاب نہیں—فوٹو: ٹیلی گراف

تاہم دوسری جانب ایلک میناسیان سے متعلق انٹرنیٹ پر کئی باتیں پھیل رہی ہیں، جن کی پولیس نے تاحال تصدیق نہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ایلک میناسیان نے وین حملہ کرنے سے قبل 4 سال تک امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 2014 میں ایک نوجوان کی جانب سے وین کے ذریعے کیے گئے حملے اور اس میں 6 افراد کو قتل کرنے کے واقعے کی انٹرنیٹ پر تحقیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا: وین کی ٹکر سے 9 راہگیر ہلاک

نشریاتی ادارے این بی سی کے مطابق انہیں کینیڈین پولیس نے بتایا کہ اگرچہ ایلک میناسیان نے 2014 میں کیلیفورنیا میں ہونے والے وین حملے کی تحقیق کی، تاہم اس حوالے سے بھی فوری طور پر زیادہ معلومات دستیاب نہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی خبر میں بتایا کہ ایلک میناسیان سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ ٹورنٹو کے شمالی علاقے رچمنڈ ہل کا رہائشی ہے۔

ان سے متعلق سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ وہ کالج کے طالب علم رہ چکے ہیں تاہم ان کی شخصیت سے متعلق متضاد باتیں معلوم ہوئی ہیں۔

اگرچہ ایلک میناسیان کے حوالے سے یہ بات ابھی معلوم نہیں ہوا کہ ان کے کسی منظم دہشت گرد گروہ سے تعلقات تھے یا نہیں، تاہم امکان ہے کہ ان کے روابط جرائم پیشہ گروہوں سے ہوں۔

ملزم کو گرفتار کیسے کیا گیا؟

ملزم نے پولیس کو کہا انہیں گولی مار دی جائے—اسکرین شاٹ
ملزم نے پولیس کو کہا انہیں گولی مار دی جائے—اسکرین شاٹ

ادھر پولیس کی جانب سے مشتبہ ملزم کو گرفتار کیے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جبکہ ساتھ ہی پولیس اہلکار اور مشتبہ ملزم کی تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتبہ ملزم اپنی جانب بڑھنے والے پولیس اہلکار کو کچھ بولتے نظر آرہے ہیں کہ ان کے پاس بھی اسلحہ ہے، اس لیے اہلکار ان کے قریب نہ آئے۔

ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ جہاں مشتبہ ملزم پولیس اہلکار کو آگے بڑھنے سے روکتا ہے، وہیں وہ اسے یہ پیش کش بھی کرتا ہے کہ وہ گولی چلاکر انہیں قتل کردے تاہم اہلکار نے گولی نہیں چلائی۔

کوئی جانی نقصان ہوئے بغیر ملزم کی گرفتاری اور دونوں جانب سے گولی نہ چلائے جانے والے عمل کی پولیس اور عام افراد تعریف کر رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں