جی میل کی تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی متعارف

گوگل نے اپنی ای میل سروس جی میل کا ری ڈیزائن ورژن متعارف کرادیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جی میل کی تاریخ کی چند بڑی اپ دیٹس میں سے ایک کو متعارف کراتے ہوئے اس کے ڈیسک ٹاپ اور موبائل ایپس صارفین کے لیے متعدد نئے فیچرز پیش کیے۔

مزید پڑھیں : جی میل کا یہ فیچر آپ کو معلوم ہے؟

ان میں سے ایک نیا فیچر 'کانفیڈنشنل موڈ' ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے پیغامات کو خفیہ رکھ سکیں گے جو کہ ایک خاص وقت کے بعد خودکار طور پر ڈیلیٹ ہوجائیں گے۔

یہ فیچر آنے والے ہفتوں میں تمام جی میل صارفین کو دستیاب ہوگا جس سے انہیں جدید سیکیورٹی فیچرز تک رسائی حاصل ہوگی جو اس وقت کارپوریٹ ای میل سسٹمز جیسے مائیکرو سافٹ آﺅٹ لک کو ہی حاصل ہیں۔

ان سیکیورٹی فیچرز میں پاس ورڈ پروٹیکٹ ای میلز، غلطی سے چلے جانے والے ای میلز کو ان سینڈ کرنا اور اپنی ای میل کو آگے فارورڈ ہونے، پرنٹ، کاپی یا حساس پیغامات ڈاﺅن لوڈ ہونے سے روکنا ممکن ہوگا، تاہم اسکرین شاٹ لینے سے گوگل فی الحال لوگوں کو روک نہیں سکے گا مگر ایسا وہ کرنے کا ارادہ ضرور رکھتا ہے۔

گوگل نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ بلٹ ان سیکیورٹی وارننگز کو بھی ری ڈیزائن کررہا ہے تاکہ صارفین کو کسی ممکنہ خطرے جیسے phishing سے آگاہ کیا جاسکے، یہ نیا سسٹم زیادہ نمایاں اور سمجھنے کے لیے آسان ہوگا۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

جی میل کو محفوظ بنانے کے علاوہ بھی درجنوں فیچرز متعارف کرائے جارہے ہیں جن میں نئی ٹو ڈو لسٹ سروس ٹاسکس قابل ذکر ہے جو کہ جی میل کے ڈیسک ٹاپ ورژن سے ہٹ کر موبائل ایپس پر بھی دستیاب ہوگا۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

یہ فیچر جی میل ان باکس کو دیگر گوگل سروسز سے منسل کردے گا اور ای میلز بھیجنے کے ساتھ کیلنڈر میں کسی کام کے لیے تاریخ کا اندراج کرسکیں گے اور ہاں گوگل کیلنڈر اب ڈیسک ٹاپ جی میل ورژن میں آسانی سے قابل رسائی ہوگا۔

ڈیسک ٹاپ پر ہی گوگل نے آخرکار جی میل کی موبائل ایپ میں موجود مقبول فیچر اسمارٹ رئیپلائیز کو بھی پیش کردیا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی خودکار طور پر کسی ای میل کا جواب دینے کے لیے مختصر رئیپلائی تیار کرکے دے گی جس کے لیے وہ صارف کی ای میل عادات سے مدد لے گی۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

اسی طرح ڈیسک ٹاپ ورژن میں اب آرکائیو، سنوزنگ اور ڈیلیٹ میسجز کے نئے شارٹ کٹس بھی دیئے جارہے ہیں اور ای میل میں موجود اٹیچ منٹ اب ان باکس ویو میں براہ راست دیکھی جاسکیں گی، یعنی ای میل کھولنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

یہ سب تبدیلیاں دنیا بھر میں جی میل صارفین کے لیے آج (بدھ 25 اپریل) سے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور آنے والے چند ہفتوں کے دوران سب استعمال کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : وہ سب کچھ جو گوگل آپ کے بارے میں جانتا ہے

اگر ابھی اس کو آزمانا چاہیں تو جی میل کے اوپر دائیں جانب سیٹنگز میں جاکر ٹرائی نیو جی میل کا آپشن استعمال کریں، تاہم یہ آپشن بھی فی الحال ہر ایک کے لیے دستیاب نہیں۔