چینی کمپنی شیاﺅمی نے اپنا ایک اور سستا ڈوئل کیمرہ اسمارٹ فون می 6 ایکس متعارف کرا دیا ہے۔

یہ فون دیکھنے میں ریڈمی نوٹ 5 پرو جیسے ڈیزائن کا ہی ہے۔

5.99 انچ فل ایچ ڈی پلس ڈسپلے میں 18:9 ریشو دیا گیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ چین سے باہر یہ فون می اے 2 کے نام سے پیش کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں : شیاؤمی کے 2 بجٹ اسمارٹ فونز متعارف

تین مختلف ورژن میں متعارف کرائے جانے والے اس نئے فون میں 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج، سکس جی بی ریم اور 6 جی بی اسٹوریج، سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن موجود ہوں گے۔

اس فون میں اسنیپ ڈراگون 660 پراسیسر موجود ہے جبکہ مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ بھی اسٹوریج میں اضافے کے لیے موجود ہے۔

اس کے بیک پر ڈوئل کیمرہ سیٹ موجود ہے جس میں ایک 12 میگا پکسل جبکہ دوسرا میگاپکسل سنسر کے ساتھ ہے۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

کمپنی کے مطابق 12 میگا پکسل کیمرے میں ایف 1.75 آپرچر جبکہ 20 میگا پکسل کیمرے میں ایف 1.8 آپرچر سپورٹ دی گئی ہے۔

اس کے فرنٹ پر ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ 20 میگا پکسل کیمرہ موجود ہے اور کمپنی کے مطابق اے آئی فیچرز کی بدولت کیمرہ کسی منظر کو شناخت کرکے اس کے مطابق خودکار سیٹنگ ایڈجسٹ کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شیاؤمی کا نیا فلیگ شپ فون اب پاکستان میں دستیاب

فون کو ان لاک کرنے کے لیے چہرے کی شناخت کا فیچر بھی دیا گیا ہے جبکہ 3010 ایم اے ایچ بیٹری کے لیے کوئی چارج 3.0 فیچر دیا گیا ہے جس کی مدد سے آدھے گھنٹے میں 50 فیصد بیٹری کو چارج کیا جاسکتا ہے۔

اس فون کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ورژن چین میں 1599 یوآن (29 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 1799 یوآن (لگ بھگ 33 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 1999 یوآن (36 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

پاکستان میں اس کی آمد کب تک ہوتی ہے، فی الحال یہ کہنا مشکل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں