سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان میں سیاحت میں 300 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ صرف 2017 میں 17 لاکھ 50 ہزار سیاحوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔

پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ان سیاحوں میں سے 30 فیصد پاکستانی تھے۔

ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورزم کونسل (ڈبلیو ٹی ٹی سی) کے مطابق گزشتہ سال سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدنی نے پاکستان کی معیشت میں تقریباً 19 ارب 40 کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا جو مجموعی ملکی پیداوار کا 6.9 فیصد رہا۔

ساتھ ہی ’ڈبلیو ٹی ٹی سی‘ نے ایک دہائی کے عرصے میں یہ آمدنی بڑھ کر 36 ارب 10 کروڑ ڈالر ہونے کی توقع بھی ظاہر کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں فروغ پاتی مقامی سیاحت

سیاحت میں سالانہ اضافے کے علاوہ ملک میں کاروباری سفر کرنے والوں کی تعداد میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

سیاحت اور سفر میں تیزی سے اضافے کا بڑا سہرا انٹرنیٹ کے ذریعے مختلف سیاحتی مراکز کی تشہیر کو جاتا ہے۔

پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور نے سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کو بتایا کہ ’حکومت ملک میں سیاحت کو فروغ دینے اور پی ٹی ڈی سی کو مالی طور پر مستحکم ادارہ بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی ڈی سی اور یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) لاہور کے درمیان ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کی تشہیر کی اسپانسرشپ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوچکے ہیں۔‘

مزید پڑھیں: پاکستان کی سیاحت کے شعبے میں ترقی

پی ٹی ڈی سی کی مصنوعات اور خدمات کی سوشل میڈیا کے ذریعے بھی تشہیر کی جائے گی۔

پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے حال ہی میں ’پاکستان ٹورزم فرینڈز کلب‘ کا بھی آغاز کیا ہے جس کے ذریعے اس کے اراکین پی ٹی ڈی سی کی سہولیات پر 20 فیصد کا خصوصی ڈسکاؤنٹ حاصل کر سکیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

زولفی گوندل Apr 26, 2018 06:02am
اس کے ساتھ ہمیں نوجوان نسل میں فلائنگ قلب کے ذریعے ہوا بازی میں بھی دلچسپی بڑھانی چاہے جیسے دبئی میں ہے اور ہوا بازی کے کلبز سوشل میڈیا کے ذرہیے ہر نوجوان کو ہوا بازی کا شوق پیدا کریں ویڈیوز شیئر کی جائیں بہت خوشی ہوئی یہ خبر پڑ کر ڈان نیوز کا شکریہ