گجرات: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں ایسے تبدیلی چاہتے ہیں جس کا خواب قائدِ اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا، اور بالکل اسی طرح چین نے بھی اپنی 70 کروڑ عوام کو غربت سے نکال کر ایک فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی تھی۔

منڈی بہاؤالدین میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی ندیم افضل چن کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کی صورت میں اسی وقت ساتھ دیا جائے وہ پارٹی کے منشور پر عمل کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر میں عوام کو دھوکا دوں، یا غریب عوام کا پیسہ لوٹ کر اپنے لیے محلات بناؤں اور بیرونِ ملک اکاؤنٹس بھروں، تو کارکنان مجھے چھوڑ کر جاسکتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ندیم افضل چن کی پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت

تحریک انصاف کے ایک رہنما نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ندیم افضل چن کی پارٹی میں شمولیت سے خوشگوار تاثر ابھرا ہے، کیونکہ عمومی طور ان کی طرح کا بیک گراؤنڈ رکھنے والے سیاستدان اپنے ہمراہ کرپشن کے الزامات بھی ساتھ لاتے ہیں۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین نے اپنے خطاب میں مزید کہا تھا کہ ایک ایسے ملک میں جہاں ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے، پینے کا صاف پانی اور علاج کی بہتر سہولت میسر نہیں وہاں ملکی اشرافیہ کرپشن کرکے اربوں روپے لوٹ چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں پہلی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی، اور قائد اعظم بھی اسی طرز پر پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے، جبکہ یہی نعرہ بھٹو نے بھی روٹی کپڑا اور مکان کی صورت میں بلند کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جلد وہ وقت قریب آنے والا ہے جب وہ ملک کی بہتری کے لیے کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا ہوتے دیکھیں گے۔

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات:عمران خان’ہارس ٹریڈنگ‘میں ملوث پارٹی ارکان کے نام سامنے لے آئے

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اس لیے اختیار کی کہ وہ نواز شریف کو پنجاب کی سیاست سے باہر دیکھنا چاہتے تھے، اور صرف عمران خان ہی وہ رہنما ہیں جو نواز شریف کو مبینہ طور پر ملک لوٹنے پر جیل بھجوا سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں نے پیپلز پارٹی کیوں چھوڑی؟، میں نے کئی مرتبہ بلاول بھٹو زرداری کو تجویز دی کہ وہ قومی اسمبلی میں آئیں اور نواز شریف کے خلاف مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کریں، لیکن انہوں نے کبھی توجہ نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: ماضی کے کرپٹ ترین صوبہ کے پی میں آج سب سے کم کرپشن ہے، عمران خان

ندیم افضل چن نے نے عمران خان کو تجویز دی کہ حکومت میں آنے کے بعد بھلوال تحصیل کو ضلع کا درجہ دیا جائے، اور طاقت ملنے کے بعد تحریک انصاف سے دو دہائیوں سے وابستہ نظریاتی کارکنان کو فراموش نہ کیا جائے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اور حال میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے دیگر ارکان نے بھی خطاب کیا جس میں فردوس عاشق اعوان، نذر محمود گوندل، طارق تارڑ اور راجہ ریاض شامل ہیں۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 26 اپریل 2018 کو شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں