پیرس: عالمی ادارے کی جانب سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایشیاء میں سب سے زیادہ متحرک سمجھا جانے والا پاکستانی میڈیا عسکریت پسند گروہوں اور خفیہ اداروں کی جانب سے جاری دباؤ کے باعث سیلف سینسر شپ کا سہارا لینے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رپورٹرز سینس فرنیئرز ( آر ایس ایف ) کی جانب سے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کے عسکریت پسند گروپ اور خفیہ ادارے آر ایس ایف کی آزادی صحافت کا شکار فہرست میں پہلے سے موجود تھے۔

آر ایس ایف کی 2018 کےلیے آزادی صحافت انڈیکس رپورٹ میں کہا گیا کہ ’ اکتوبر 2017 میں بلوچستان میں مسلح گروہوں کی جانب سے صحافیوں کو خبردار کیا گیا اور ان کے بیانات اور کارروائیوں کی کوریج سے مسلسل انکاری پر دھمکی بھی دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ممالک میں پاکستان کا 139واں نمبر

اس کے ایک ماہ بعد اسلام آباد میں ایک مذہبی جماعت کے دھرنے میں بھی کوریج کے دوران صحافیوں کو پکڑا گیا تھا، جس کے بعد نیوز روم میں سیلف سینسر شپ میں اضافہ کردیا گیا تھا۔

آر ایس ایف کی رپورٹ کے مطابق صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ممالک میں پاکستان دنیا کے 180 ممالک میں سے 139 ویں نمبر پر ہے جبکہ گزشتہ برس بھی پاکستان اسی درجہ پر برقرار تھا،تاہم عالمی ادارے کی جانب سے پڑوسی ملک بھارت کو 138 ویں نمبر پر رکھا گیا جبکہ گزشتہ برس وہ 136 ویں نمبر پر موجود تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ روال برس بھارت میں 3 صحافیوں کے قتل کے مقابلے میں پاکستان میں اب تک ایک صحافی کو قتل کیا گیا۔

رپورٹ میں دنیا کے 3 سپر پاور امریکا، چین اور روس پر آزادی صحافت کے خلاف کام کرنے کا الزام لگایا گیا اور حوالہ دیا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صحافیوں پر ذاتی حملے کیے جاتے جبکہ بیجنگ کی جانب سے اختلاف رائے کا گلا گھوٹنے کے لیے ’ میڈیا کنٹرول ماڈل‘ بڑھایا جارہا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں 68 صحافیوں کا قتل

آر ایس ایف کی رپورٹ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے رپورٹرز کو عوام کا دشمن بھی قرار دیا جاچکا جبکہ روس کے ولادی میر پیوٹن پر اپنے ملک میں آزادی کی آوازوں کو روکنے کا بھی الزام لگایا جاتا رہا ہے۔

عالمی ادارے کی درجہ بندی کی بات کی جائے تو شمالی کوریا زمین پر سب سے جابرانہ ملک ہے اور ترکمانستان، شام اور چین بھی اس کی پیروی کرنے میں قریب ہیں، اس کے علاوہ سعودی عرب، بحرین، ویتنام، سوڈان اور کیوبا بھی اس معاملے میں بدترین ممالک میں شامل ہیں۔

تاہم اسکینڈیوین ممالک میں سے نوروے دنیا بھر میں دوسرے برس بھی آزادی صحافت کے حوالے سے سر فہرست ملک ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں