بھارت: ٹرین اور اسکول بس میں تصادم، 13 بچے ہلاک

26 اپريل 2018
فوٹو: بشکریہ  ٹائمز آف انڈیا
فوٹو: بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

گورکھ پور: بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے کشی نگر میں ٹرین اور اسکول بس کے تصادم کے نتیجے میں 13 بچے ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔

بھارتی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ضلع کشی نگر میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک اسکول وین بچوں کو لے کر جارہی تھی کہ پھاٹک عبور کرنے کے دوران حادثے کا شکار ہوگئی۔

مزید پڑھیں: بھارت: اسکول بس کے حادثے میں 27 بچے ہلاک

اس حوالے سے سی پی آر او این ای ریلوے سنجے یادیو کا کہنا تھا کہ صبح ساڑھے 7 بجے باہپورا ریلوے پھاٹک کے قریب اسکول وین کو حادثہ پیش آیا، جس میں ڈرائیور بھی موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس طرح کی بھی کچھ متضاد اطلاعات ہیں کہ حادثے کے وقت وین ڈرائیور ایئرفون لگا کر موسیقی سن رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اسکول وین میں 20 سے زیادہ بچے موجود تھے اور ٹرین گورکھ پور سے سیوان جارہی تھی کہ سامنے سے آنے والی وین سے ٹکرا گئی۔

مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ وین کی رفتار بہت تیز تھی اور جب حادثہ پیش آیا اس وقت وین اچانک ریلوے لائن کے قریب رک گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں بس حادثہ، 44 افراد ہلاک

دوسری جانب حادثے کے فوری بعد کمشنر پولیس انیل کپور اور ایس ایس پی اور ڈی ایم کوشی نگر نے جائے وقوع کا دورہ کیا جبکہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ ادتیاناتھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گورکھ پور کو متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کردی۔

علاوہ ازیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی جانب سے بھی بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں