ورلڈ کپ 2019 کا حتمی شیڈول جاری، فائنل 14جولائی کو ہو گا

26 اپريل 2018
ورلڈ کپ 2019 میں آسٹریلیا اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی
ورلڈ کپ 2019 میں آسٹریلیا اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ورلڈ کپ 2019 کے حتمی شیڈول کا اعلان کردیا ہے جہاں ایونٹ کا افتتاحی میچ 30مئی کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور بھارت 16جون کو مدمقابل ہوں گے۔

ورلڈ کپ 2019 لارڈز سمیت انگلینڈ کے 11 مقامات پر 30مئی سے 14 جولائی تک کھیلا جائے گا جہاں 46دن میں کُل 48 میچز کھیلے جائیں گے۔

انگلینڈ کے جو 11 مقامات ان میچز کی میزبانی کریں گے ان میں ٹرینٹ برج، اوول، ایجبسٹن، ہیڈنگلے، اولڈ ٹریفورڈ، ٹانٹن، برسٹل، چیسٹر لی اسٹریٹ، ساؤتھ ہیمپٹن، کارڈف اور لارڈز شامل ہیں۔

یہ ورلڈ کپ 1992 کے ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ روبن کی طرز پر کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم ایونٹ میں موجود تمام ٹیموں سے میچز کھیلے گی اور ایونٹ کی 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز یکم جون کو افغانستان کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 16جون کو کھیلا جائے گا۔

یہ میچ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا جہاں 1999 کے ورلڈ کپ میں بھی دونوں ٹیمیں مدمقابل آئی تھیں اور بھارت نے فتح اپنے نام کی تھی۔

انڈین پریمیئر لیگ کے سبب بھارتی مصروفیت کی وجہ سے بھارتی حکام کی درخواست پر ایونٹ میں بھارت کا پہلا 5 مئی کو کردیا گیا جہاں اس کے مقابلے میں دیگر ٹیمیں اس وقت تک اپنے تمام میچز کھیل چکی ہوں گی۔ ایونٹ میں پاکستان کے میچز کا شیڈول درج ذیل ہے۔

31 مئی 2019: بمقابلہ ویسٹ انڈیز، بمقام ناٹنگھم

3 جون 2019: بمقابلہ انگلینڈ، بمقام ناٹنگھم

7 جون 2019: بمقابلہ سری لنکا، بمقام برسٹل

12 جون 2019: بمقابلہ آسٹریلیا، بمقام ٹانٹن

16 جون 2019: بمقابلہ بھارت، بمقام مانچسٹر

23 جون 2019: بمقابلہ جنوبی افریقہ، بمقام لارڈز

26 جون 2019: بمقابلہ نیوزی لینڈ، بمقام برمنگھم

29 جون 2019: بمقابلہ افغانستان، بمقام لیڈز

5 جولائی 2019: بمقابلہ بنگلہ دیش، بمقام لارڈز

ایونٹ کے سیمی فائنل 9 اور 11 جولائی کو کھیلے جائیں گے جبکہ لارڈز 14 جولائی کو پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں