سوشل میڈیا نیٹ ورک اسنیپ چیٹ نے اپنا کیمرے والے چشمے سپیکٹیکلز کا اپ ڈیٹ ورژن متعارف کرادیا ہے جس میں فریم کے نئے رنگ اور صارفین کی شکایات کو مدنظر رکھ کر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اب کی بار ان اسمارٹ چشموں کو واٹر ریزیزٹنٹ بنایا گیا ہے جبکہ یہ پہلے سے ہلکے اور پتلے بھی کیے گئے ہیں اور ہاں تصاویر اور ویڈیو کے لیے ریزولوشن بھی پہلے سے بہتر ہے۔

مزید پڑھیں : اسنیپ چیٹ کے کیمرہ گلاسز کیسے ہوں گے؟

اس کا فریم کا ٹیمپل ایریا 30 فیصد جبکہ چارجنگ کیس 20 فیصد چھوٹا کیا گیا ہے۔

اسی طرح ویڈیو ریزولوشن 1088x1088 سے بڑھا کر 1216x1216 کردیا گیا ہے اور نئے فوٹو موڈ میں 1642x1642 ریزولوشن تصویر لی جاسکتی ہے۔

اسی طرح ایک نیا وائی فائی امپورٹ موڈ زیادہ تیزی سے کام کرتا ہے جس سے تصاویر کو ایچ ڈی فارمیٹ میں سوشل میڈیا پر منتقل کیا جاسکتا ہے اور اسنیپ چیٹ کا فیچر میموریز 4 گنا زیادہ تیزی سے کام کرتا ہے۔

ڈوئل مائیکرو فونز کی وجہ سے ساﺅنڈ کوالٹی کا معیار بھی بہتر ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسنیپ چیٹ کا ویڈیو ریکارڈر چشمہ یورپ میں پیش

گزشتہ سال جب سپیکٹیکلز کو متارف کرایا گیا تو اس کی قیمت 129 ڈالرز رکھی گئی تھی اور لوگوں میں اس کے حوالے سے کافی اشتیاق بھی تھا، تاہم یہ کمپنی کی فلاپ ڈیوائس ثابت ہوا جس کے لاکھوں سیٹ فروخت ہی نہیں ہوسکے۔

اس بار کمپنی نے کچھ نئے فیچرز کے ذریعے گزشتہ ماڈل کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی ہے جبکہ اسٹوریج کو بڑھایا گیا ہے۔

مگر اس بار قیمت بھی ڈیڑھ سو ڈالرز (15 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور یہ 3 مئی سے امریکا، کینیڈا اور فرانس میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں