آئی سی سی نے 104 رکن ممالک کو ٹی20 کیلئے انٹرنیشنل اسٹیٹس دیدیا

27 اپريل 2018
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

کولکتہ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تمام 104 رکن ممالک کے ٹی ٹونٹی میچز کو انٹرنیشنل اسٹیٹس دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کو دوبارہ اولمپکس کا حصہ بنا لیا جائے گا۔

کولکتہ میں آئی سی سی بورڈ کے 5 روزہ اجلاس کے دوران ورلڈ گورننگ باڈی کی جانب سے انتہائی اہم پیشرفت سامنے آئی جس کے تحت آئی سی سی سی نے اپنے تمام ممبر ممالک کو ٹی ٹوئنٹی اسٹیٹس دے دیا ہے اور اب تمام ممبر ملکوں کی ٹیمیں انٹرنیشنل ٹی20 میچز کھیلنے کی اہل ہوں گی جبکہ اس کے علاوہ اس فارمیٹ کی گلوبل رینکنگ متعارف کرانے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ تمام ٹیمیں پائیدار اور موثر انداز سے کرکٹ کھیل سکیں۔

اس سلسلے میں رواں برس یکم جولائی سے تمام ممبر ممالک کی ویمنز ٹیموں کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل جائے گی جبکہ یکم جنوری 2019 سے تمام ممبر ممالک کی مینز ٹیمیں بھی مختصر فارمیٹ میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اہل ہو جائیں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ آئی سی سی نے امید ظاہر کی ہے کہ 2028 میں شیڈول لاس اینجلس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کی دوبارہ واپسی ہو جائے گی۔

آخری مرتبہ 1900 میں منعقدہ پیرس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کے مقابلے ہوئے تھے اور اس کے بعد اولمپکس گیمز میں کرکٹ نہیں کھیلا جاتا لیکن ورلڈ گورننگ باڈی اب دوبارہ اس کھیل کو گیمز میں شامل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ کو دوبارہ اولمپکس گیمز میں شامل کرنا ہماری دیرینہ خواہش بن گئی ہے، 2024 میں پیرس میں شیڈول گیمز کے سلسلے میں نئے کھیلوں کی شمولیت کی ڈیڈلائن گزر گئی ہے لیکن اب ہم نے 2028 گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کو ہدف بنا لیا ہے اور مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں