بھارت کے شمالی اور مغربی حصوں میں طوفانی بارش اور مٹی کے طوفان کی زد میں آکر تقریباً 125 افراد ہلاک جبکہ 160 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریلیف کمشنر سنجے کمار نے بتایا کہ اترپردیش کے شمالی شہر آگرہ میں تباہی کے اثرات انتہائی خطرناک ہیں جہاں لوگوں کے کچے گھر تیزہواؤں کے باعث منہدم ہو گئے اور بعض مقامات پر پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

انہوں نے بتایا کہ آگرہ میں بارش اور مٹی کے طوفان کے نتیجے میں 43 افراد چل بسے جن میں سے بعض آسمانی بجلی کی زد میں آکر لقمہ اجل بنے تاہم شہر میں قائم تاج محل کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

مزید پڑھیں: سری لنکا، بھارت میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بدھ کی رات 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے ہواؤں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شمالی اتر پردیش کی ریاست میں تقریباً 64 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 125 تک پہنچ گئی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان طوفانی بارش سے تقریباً 27 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

طوفانی بارش کے باعث لوگ خوفزدہ ہیں کیونکہ مون سون کی بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے میں ابھی 6 ہفتے باقی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 50 سے متجاوز

بھارتی میڈیا کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث شہریوں پر درخت اور دیواریں گرنے سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔

اترپردیش میں ریلیف کمشنر ٹی پی گپتہ نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ‘ہم 46 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہیں، 75 اضلاع سے 41 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں’۔

تبصرے (0) بند ہیں