کویتی ایئرپورٹ حکام نے میرے عملے کو ’بھارتی کتے‘ کہا: عدنان سمیع

عدنان سمیع خان نے 6 
 مئی کو ٹوئیٹ کی—فوٹو: دی اکانامکس ٹائمز
عدنان سمیع خان نے 6 مئی کو ٹوئیٹ کی—فوٹو: دی اکانامکس ٹائمز

پاکستانی شہریت کو چھوڑ کر بھارتی شہریت اختیار کرنے والے گلوکار عدنان سمیع کے عملے کے ساتھ کویت کے ایئرپورٹ پر ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے، جس کا ذکر انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔

عدنان سمیع خان نے 6 مئی کو کی گئی ٹوئیٹ میں کویت میں موجود بھارت کے سفارتخانے کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’وہ اور ان کا عملہ یہاں پیار بانٹنے آیا تھا، مگر ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا‘۔

بھارتی گلوکار نے اپنی ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا کہ کویت ایئرپورٹ امیگریشن حکام نے بلاوجہ ان کے عملے سے بدتمیزی کرتے ہوئے ان سب کو ’بھارتی کتے‘ کہا۔

انہوں نے کویت میں موجود بھارتی سفارتخانے کو یاد دلایا کہ انہوں نے ان کے ساتھ رابطہ کیا لیکن اس کے باوجود ان کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کے حوالے سے کچھ بھی نہیں کیا گیا۔

ساتھ ہی عدنان سمیع خان نے اپنی حکومت کے حکام کو آگاہ کیا کہ ’کویت ایئرپورٹ کے عملے کو ایسی جرات ہی کیسے ہوئی کہ ان کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ کریں‘۔

ان کی اسی ٹوئیٹ پر کئی افراد نے کمنٹس کیے، جن میں انہوں نے گلوکار کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پورا بھارت ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عدنان سمیع خان کی ٹوئیٹ پر وزیر خارجہ سوشما سوراج نے انہیں جواب دیتے ہوئے گلوکار کو فون پر تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لیے کہا۔

سوشما سوراج کی ٹوئیٹ پر عدنان سمیع خان نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک اور ٹوئیٹ کی اور بتایا کہ وہ فون پر انہیں تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

علاوہ ازیں بھارتی گلوکارہ، ڈانسر و اداکارہ صوفی چوہدری نے بھی عدنان سمیع خان کی ٹوئیٹ پر کمنٹس میں لکھا کہ ’کویت میں ان کے ساتھ بھی ایسا واقعہ ہوچکا ہے‘۔

انہوں نے بھی کویت امیگریشن حکام کی بدتمیزی کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وہاں سے نکلنے کے لیے ایک اور نجی ایئرلائن کے ذریعے آنے میں ہی غنیمت سمجھی۔

تبصرے (0) بند ہیں