پہلا روزہ 17 مئی کو ہوگا یا 18 کو؟

07 مئ 2018
— اے ایف پی فائل فوٹو
— اے ایف پی فائل فوٹو

رمضان المبارک کے مہینے کا آئندہ چند روز میں آغاز ہورہا ہے مگر سوال یہ ہے کہ کس تاریخ کو پاکستان میں پہلا روزہ ہوگا؟

رمضان کا آغاز رویت ہلال سے ہونا ہے اور پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 16 مئی یعنی 29 شعبان کو ہوگا۔

اور اگر چاند نظر آیا تو پہلا روزہ 17 مئی ورنہ 18 مئی کو ہوگا، تاہم اس حوالے سے ماہرین کی پیشگوئی سامنے آچکی ہے۔

مزید پڑھیں : روزے اور صحت سے متعلق سائنس کیا کہتی ہے؟

مگر اس سے پہلے جان لیں کہ سعودی عرب، مشرق وسطیٰ، امریکا اور یورپ وغیرہ میں پہلا روزہ 16 یا 17 مئی کو ہوگا۔

الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور بیشتر عرب ممالک سمیت امریکا اور یورپ میں 15 مئی کو چاند دیکھا جائے گا جبکہ پاکستان، ایران اور مراکش میں اگلے دن ایسا ہوگا کیونکہ یہاں چاند کا مہینہ سعودی عرب کے ایک دن بعد شروع ہوتا ہے۔

سائنسی پیشگوئی

ماہرین فلکیات کے مطابق رمضان کے نئے چاند کی پیدائش 15 مئی کو 11:47 GMT پر ہوگی مگر پہلی رات اسے دیکھنا صرف مخصوص آلات سے ہی ممکن ہوگا۔

یہ بھی دیکھیں : رویتِ ہلال کے تنازع کا حل کیا ہے؟

چونکہ 2017 سے سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک میں خصوصی انفراریڈ ڈیجیٹل کیمرے نئے چاند کو دیکھنے کے لیے استعمال ہورہے ہیں تو اس سال بھی ان آلات کے استعمال کیا گیا تو سعودی عرب میں پہلا روزہ ممکنہ طور پر 16 مئی کو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : اس سال کا سب سے لمبا روزہ کہاں ہوگا؟

16 مئی کی شام نیا چاند دنیا بھر میں آسانی سے دیکھے جانے کا امکان ہے تو پاکستان اور دیگر ممالک میں رمضان کا آغاز 17 مئی سے متوقع ہے۔

چاند کو دیکھنے کا انحصار مختلف عناصر جیسا ماحولیاتی کنڈیشن، مطلع صاف ہونے اور دیگر پر ہوتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں