اسلام آباد: حکومت کے حامی قبائلی عمائدین اور اراکینِ پارلیمنٹ نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی قیادت کو سرکاری جرگے کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرنے کے لیے 4 رکنی ٹیم کو ڈیرہ اسماعیل خان روانہ کردیا۔

خیبر ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل نے ڈان کو بتایا کہ پی ٹی ایم کی جانب سے تاحال مذاکراتی ٹیم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج اور پشتون تحفظ موومنٹ کے درمیان خلیج بڑھنے لگی

واضح رہے کہ پی ٹی ایم کی قیادت سے مذاکراتی عمل کا دوسرا مرحلہ جمرود میں 25 اپریل کو حاجی شاہ جی گل کی رہائش گاہ پر ہوا تھا جبکہ اس سے قبل پہلا مرحلہ پشاور میں 18 اپریل کو ہوا تھا۔

رکن قومی اسمبلی نے بتایا کہ ‘پی ٹی ایم کی 3 رکنی ٹیم نے 25 اپریل کو ہونے والے مذاکرات میں کہا تھا کہ وہ انہیں دیگر عمائدین سے مشاورت کے لیے 3 دن کی مہلت دیں تاہم اس کے بعد سے پی ٹی ایم نے کوئی رابطہ نہیں کیا’۔

حاجی شاہ جی گل کا کہنا تھا کہ ‘حکومت کی ترجمانی کرنے والے جرگے میں ہر قبائلی ایجنسی سے 2، 2 عمائدین، تمام قبائلی پارلیمنٹرین، صوبائی اور وفاقی حکومت کا ایک ایک ترجمان اور مالاکنڈ ڈویژن کی اہم شخصیات شامل ہیں’۔

مزید پڑھیں: پی ٹی ایم کا لاپتہ افراد کی بازیابی اور پختونوں کو بنیادی حقوق دینے کا مطالبہ

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘پی ٹی ایم کے لیڈر منظور پشتین کی جانب سے کوئی رابطہ بحال نہ ہونے کی وجہ سے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے 4 قبائلی عمائدین کو ڈیرہ اسماعیل خان روانہ کیا گیا تاکہ وہ متعلقہ افراد سے رابطہ کرسکیں’۔

ان کا کہنا ہے کہ ‘وزیرستان کے قبائلی عمائدین پر مشتمل 4 رکنی وفد پہلے پی ٹی ایم کے رہنماؤں کو تلاش کرے گا اور پھر سرکاری جرگے سے مذاکرات کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے ’تاہم انہوں نے پی ٹی ایم کے ساتھ مذاکراتی عمل ختم یا معطل ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا‘۔

حاجی شاہ جی گل نے بتایا کہ گزشتہ روز اجلاس میں مجموعی طور پر آمادگی کا اظہار کیا گیا کہ پی ٹی ایم کے ساتھ مذاکراتی عمل جاری رکھنے کے لیے مستقبل کا لائحہ عمل تشکیل دیا جانا چاہیے۔

یہ پڑھیں: ریاستی ادارے کے خلاف اکسانے پر پی ٹی ایم رہنماؤں پر مقدمہ درج

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا تیسرا دور 10 مئی کو متوقع ہے تاہم مقام کے بارے میں حتمی فیصلہ جلد سامنے آئے گا۔

رکن قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ ‘اگر ضرورت پڑی تو ایک اور مگر چھوٹا وفد کراچی کا دورہ بھی کرے گا کیونکہ پی ٹی ایم کراچی میں 12 مئی کو عوامی جلسہ منعقد کرے گی۔


یہ خبر 8 مئی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں