گوگل کی سالانہ کانفرنس میں کیا کچھ پیش کیا گیا؟

09 مئ 2018
گوگل کی سالانہ کانفرنس — اے پی فوٹو
گوگل کی سالانہ کانفرنس — اے پی فوٹو

گوگل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس گوگل I/O کا آغاز گزشتہ روز ہوا جس کے دوران کمپنی کی جانب سے متعدد چیزوں کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا۔

گوگل کے ہیڈکوارٹر ماﺅنٹین ویو میں ہونے والے ایونٹ کے دوران کمپنی کی جانب سے متعدد اعلانات کیے گئے تاہم زیادہ توجہ اگیومینٹڈ رئیلٹی اور آرٹی فیشل ٹیکنالوجی کے استعمال پر نظر آئی۔

یہاں آپ وہ سب کچھ جان سکیں گے جس کا اعلان گوگل کی جانب سے کیا گیا۔

گوگل اسسٹنٹ

گوگل اسسٹنٹ اب 50 کروڑ سے زائد ڈیوائسز میں دستیاب ہے اور اس میں مزید اجافے کا ہی امکان ہے کیونکہ کمپنی نے اپنے ڈیجیٹل اسسٹنٹ کا استعمال پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان کردیا ہے۔

مثال کے طور پر گوگل اسسٹنٹ بہت جلد 6 نئی آوازوں کو سپورٹ کرے گا، اسی طرح ایک جملے میں متعدد کمانڈ کی سپورٹ بھی متعارف کرائی جائے گی اور صارف ہر بار اوکے گوگل کہے بغیر بھی اسسٹنٹ کو استعمال کرسکے گا۔

ڈپلیکس

یہ کافی حد تک گوگل اسسٹنٹ سے تعلق رکتا ہے مگر یہ اپنی نوعیت کی منفرد اپ ڈیٹ بھی ہے، کانفرنس کے دوران اس کا مظاہرہ گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے کیا اور دکھایا کہ گوگل اسسٹنٹ بغیر انسانی ہدایت کے فون کال بھی کرسکے گا۔ اس ٹیکنالوجی کو ڈپلیکس کا نام دیا گیا ہے جو کہ قدرتی آوازوں کی گفتگو کی مدد سے فون پر روزمرہ کے کام سرانجام دے گی۔

گوگل کے مطابق اس ٹیکنالوجی پر برسوں سے کام کیا جارہا ہے اور تجرباتی ورژن آنے والے ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔

اینڈرائیڈ پی

گوگل کی جانب سے نئے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ پی (جو رواں سال چوتھی سہ ماہی کے دوران دستیاب ہوگا) کو اے آئی ویژن قرار دیا گیا جس میں متعدد نئے فیچرز کو متعارف کرایا گیا اور اس کا بیٹا ورژن مخصوص فونز میں بدھ سے دستیاب ہوگا۔

گوگل کے مطابق اینڈرائیڈ پی کو سادہ اور آسان بنانا ہمارا مقصد ہے اور اس میں نیچے کے 3 بٹنوں کو ایک سنگل ہوم بٹن سے تبدیل کردیا جائے گا، جس کو ایک بار کلک کرنے پر 5 ایسی ایپس کا شارٹ کٹ سامنے آئے گا جو صارف سب سے زیادہ استعمال کرتا ہوگا، دوسری بار سوائپ کرنے پر تمام ایپس سامنے آئیں گے جبکہ سائیڈ میں سوائپ کرنے سے ان ایپس میں اسکرول کیا جاسکے گا جو کہ صارف نے اوپن کی ہوئی ہوں گی۔

ایپس

گوگل کی جانب سے اپنی ایپس اور گوگل پلے اسٹور کے حوالے سے بھی کئی اعلانات کیے گئے۔

گوگل لینس ایپ: کمپیوٹر ویژن پاور سے لیس لینس ایپ کو گزشتہ سال کے ایونت میں متعارف کرایا گیا تھا جو کہ پکسل فونز کے لیے ہی دستیاب تھی مگر اب بہت جلد اس میں ایل جی، سونی، نوکیا اور چند دیگر کمپنیوں کے فونز کو بھی شامل کیا جائے گا، جبکہ چند نئے فیچرز جیسے اسٹائل میچ، اسمارٹ ٹیکسٹ سلیکشن (یعنی کیمرہ لینس سے آپ میز پر دستاویز کی تحریر کو کاپی کرکے اپنے کمپیوٹر میں پیسٹ کرسکیں گے) اور رئیل ٹائم رزلٹس بھی شامل کیے جائیں گے۔

گوگل لک آﺅٹ: گوگل کی جانب سے ایک نئی یپ لک آﺅٹ کو بھی متعارف کرایا گیا جو کہ نابینا افراد کو اپنے ارگرد کے ماحول سے واقفیت آڈیو کی مدد کرنے میں مدد دے گی۔

گوگل فوٹوز: گوگل فوٹوز کو بھی پہلے سے زیادہ بہتر کیا جائے گا اور مشین لرننگ ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک کلک پر لوگ اپنی تصاویر کو زیادہ بہتر کرسکیں گے، بلیک اینڈ وائٹ تصاویر کو رنگوں سے بھر سکیں گے وغیرہ وغیرہ۔

گوگل نیوز: گوگل نیوز کو بھی ری ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں اے آئی ٹیکنالوجی کا اضافہ کردیا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ ذرائع سے اچھی خبریں مل سکیں۔

گوگل میپ: گوگل میپس میں بھی متعدد سوشل اور اگیومینٹڈ رئیلٹی فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

جی میل: چند ہفتے قبل نئے جی میل کو متعارف کرایا گیا تھا اور اب گوگل نے اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ کمپوز فیچر پیش کیا ہے جو کہ صارفین کو فوری ای میل کرنے کے لیے آٹو کمپلیٹ جملے کی سہولت فراہم کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں