—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اس میں کوئی حیرانگی کی بات نہیں کہ بولی وڈ پروپیگنڈا کے تحت پاکستان مخالف یا متنازع فلمیں بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

بولی وڈ کی تاریخ پاکستان مخالف اور متنازع موضوعات پر فلمیں بنانے سے بھری پڑی ہے، جنہیں نہ صرف دیگر ممالک بلکہ خود بھارت میں بھی تنقید اور پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایسی ہی فلموں میں آنے والی متنازع فلم ’راضی‘ بھی ہے، جس کی کہانی نہ صرف متنازع موضوع کے گرد گھومتی ہے، بلکہ اس میں حقائق کو بھی توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

فلم ساز میگھنا گلزار کی فلم ’راضی‘ جسے 11 مئی کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا، اس متعلق اطلاعات ہیں کہ اسے پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔

انگریزی اخبار ’ایکسپریس ٹربیون‘ نے اپنی خبر میں پاکستان فلم ڈسٹری بیوشن کے ذرائع سے بتایا کہ فلم کے متنازع موضوع کے باعث کوئی بھی ڈسٹری بیوٹر کمپنی اسے خرید کر پاکستان میں ریلیز نہیں کرنا چاہتی۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں بولی وڈ و ہولی وڈ فلمیں ریلیز کرنے والی کمپنیوں نے ’راضی‘ کے حقوق خریدنے اور اسے پاکستان میں ریلیز کرنے سے انکار کردیا، کیوں کہ اس میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ڈسٹری بیوٹر ذرائع کا کہنا تھا کہ فلم میں حد سے زیادہ بھارتی حب الوطنی دکھائے جانے اور پاکستان مخالف مواد کے باعث اسے خریدا نہیں گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جاسوس خاتون پاکستانی فوجی افسر کی بیوی بننے پر’راضی‘

خیال رہے کہ پاکستان فلم سینسر بورڈ کسی بھی فلم پر پابندی لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ اس وقت ہی کرتا ہے، جب کوئی ڈسٹری بیوشن کمپنی بورڈ کو رویو کے لیے فلم بھیجتی ہے۔

جیسا کہ ڈسٹری بیوٹرز کمپنیوں نے ’راضی‘ کو خریدا ہی نہیں، اس لیے خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے رویو کے لیے بھی بھیجا ہی نہیں گیا، جس وجہ سے اس پر حکومت کی جانب سے پابندی لگانے یا نہ لگانے کا کوئی بیان سامنے نہیں آسکا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

فلم انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق ڈسٹری بیوٹرز کمپنیوں نے خود ہی اس فلم کے حقوق خریدنے میں دلچسپی نہیں دکھائی، جس وجہ سے اب اسے پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جاسکے گا۔

عالیہ بھٹ اور وکی کوشال کی اس فلم کی کہانی ہندوستانی لکھاری ہریندر ایس سکا کے ناول ‘سہمت‘ کے گرد گھومتی ہے، جس کی کہانی 1971 کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان لگنے والی جنگ اور تنازعات کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: ’راضی‘ میں عالیہ بھٹ کے جذباتی انداز

اب اسی ناول پر ’راضی‘ فلم بنائی گئی ہے، جس میں عالیہ بھٹ ’سہمت‘ نامی لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جسے ہندوستانی خفیہ ایجنسیاں سازش کے تحت ایک پاکستانی شخص سے شادی کرواکے جاسوسی کے کام پر لگا دیتی ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عالیہ بھٹ کو پاکستانی دلہن بنانے سے قبل ہی اس بات کی تربیت دی جاتی ہے کہ اس کا مقصد ایک وفادار دلہن بن کر جانا نہیں بلکہ ایک جاسوس خاتون بن کر جانا ہے۔

قریبا 2 منٹ 21 سیکنڈ دورانیے کے ٹریلر میں عالیہ بھٹ کو پاکستانی فوجی افسر سے شادی کرتے، اسے ہتھیار چلانے کی تربیت لیتے اور اپنے ہی شوہر سے محبت کا ناٹک کرنے کے بعد اسی سے ہی دھوکا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں