2018 کا 5 واں مہینہ چل رہا ہے اور اب تک یہ سال بولی وڈ فلموں کے لیے کچھ زیادہ اچھا ثابت نہیں ہوا کیونکہ صرف 2 فلمیں ہی سو کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کمانے میں کامیاب ہوسکیں اور ان کے مقابلے میں ایک ہولی وڈ فلم بلاک بسٹر ثابت ہورہی ہے۔

جی ہاں مارول یونیورس کی ایوینجرز سیریز کی نئی فلم انفٹنی وار نے بھارت میں بھی نت نئے باکس آفس ریکارڈ بنادیئے ہیں۔

27 اپریل کو ریلیز ہونے والی فلم نے اب تک بھارت میں 200.39 بھارتی کروڑ روپے کمالیے ہیں اور پہلی ہولی وڈ فلم بن گئی ہے جو اس سنگ میل کو عبور کرنے میں کامیاب ہوئی۔

مزید پڑھیں : ایوینجر: انفٹنی وار توقعات پر کتنی پوری اتر سکی؟

اس فلم نے بھارت میں ریلیز سے پہلے ہی پری بکنگ کے ریکارڈز بھی قائم کردیئے تھے جو کوئی بولی وڈ فلم بھی نہیں بناسکی تھی۔

اسی طرح بھارت میں سب سے زیادہ اوپننگ بزنس والی ہولی وڈ فلم کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور اب بھی اپنے بزنس کے لحاظ سے بڑی بولی وڈ فلموں کے لیے اپنے گھر میں بڑا خطرہ ثابت ہورہی ہے۔

اس سال ایوینجرز : انفٹنی وار سے ہٹ کر جو فلم 200 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی وہ سنجے لیلا بھنسالی کی 'پدماوت' تھی جو اب تک 302.15 کروڑ روپے کماچکی ہے۔

ایوینجرز سیریز کی نئی فلم نے دنیا بھر میں تیز ترین ایک ارب ڈالرز کمانے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا اور یہ سنگ میل اس نے ریلیز کے 11 دن بعد ہی حاصل کرلیا تھا۔

یہ ریکارڈ اس سے پہلے اسٹار وارز: دی فورس اویکن کے پاس تھا جس نے 12 دن میں ایک ارب ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔

اب تک ایوینجرز : انفٹنی وار دنیا بھر میں ایک ارب 22 کروڑ ڈالرز سے زائد (8 مئی تک) کما چکی ہے اور ابھی اس نے چین میں ریلیز ہونا ہے۔

خیال رہے کہ اس فلم نے ریلیز کے پہلے 4 دن میں دنیا بھر سے 63 کروڑ ڈالرز کما کر بھی بہترین اوپننگ بزنس کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ’اوینجرز:انفنٹی وار‘نے اسٹار وارز اور بلیک پینتھر کاریکارڈ توڑدیا

اس فلم میں ڈزنی/مارول اسٹوڈیوز نے اس سیریز کی 10 سال میں بننے والی تمام فلموں کے کرداروں کو (لگ بھگ سب کو) ایک جگہ اکھٹا کیا تھا، جس کا انتظار دنیا بھر میں لوگ بے چینی سے کررہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں