نوکیا کا بنانا فون رواں ماہ ایشیا میں فروخت کے لیے پیش ہونے کا امکان

13 مئ 2018
نوکیا 8110 کو دو رنگوں میں پیش کیا جائے گا—فوٹو: دی ورج
نوکیا 8110 کو دو رنگوں میں پیش کیا جائے گا—فوٹو: دی ورج

معروف موبائل کمپنی ’نوکیا‘ نے رواں برس کے آغاز میں ہونے والے ’موبائل ورلڈ کانگریس‘ میں اپنے 20 سال پرانے موبائل کو نئے انداز میں پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔

نوکیا نے 3310 کی کامیابی کے بعد 1999 میں پہلی بار پیش کیے گئے اپنے موبائل ’نوکیا 8110‘ کو نئے انداز میں پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے آئندہ چند ہفتوں میں دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تاہم بعد ازاں کمپنی نے اس ایک ساتھ نہیں بلکہ مرحلہ وار دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس فون کو امریکا اور یورپ میں فروخت کے لیے پیش کرنے کے بعد اب اسے ایشیا میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

نشریاتی ادارے ’سی نیٹ‘ کے مطابق نوکیا کمپنی اپنے بنانا موبائل 8110 کو رواں ماہ مئی کے آخر تک ایشیا کے چند ممالک میں ابتدائی طور پر پیش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نوکیا کے 8110 بنانا کی واپسی

رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر اس موبائل کو سنگاپور اور ویتنام میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، جہاں اس سیٹ کی قیمت 80 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 8 ہزار روپے سے زائد رکھی جائے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس موبائل کو ایشیا کے دیگر ممالک میں کب پیش کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں بھی اس موبائل کو آئندہ 2 سے 3 ماہ میں پیش کیا جائے گا۔

اس فون میں کوالکوم 205، 1.1 گیگا ہرٹز پراسیسر، 512 ایم بی ریم اور 4 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے تاہم اس میں اضافہ ممکن نہیں۔

فور جی فیچر سے لیس اس موبائل کی خاص بات اس کی 1500 ایم اے ایچ بیٹری ہے جو کہ کمپنی کے مطابق 25 دن تک ایک چارج پر اسٹینڈ بائی پر چل سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: نوکیا 3310 کی واپسی

کمپنی اس موبائل کو بلیک اور ییلو کلرز میں فروخت کے لیے پیش کر رہی ہے۔

اس موبائل کو 1999 میں کمپنی نے بنانا یعنی کیلے کی ڈیزائن کی طرح پیش کیا تھا، جس وجہ سے یہ اس وقت بے حد مقبول ہوا تھا۔

نوکیا کے اس موبائل کو بعض ہولی وڈ فلموں، امریکی و یورپی ڈراموں میں بھی دکھایا گیا تھا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ نوکیا کا یہ موبائل بھی 3310 کی طرح کامیاب جاتا ہے یا نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں