اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما نبیل گبول نے مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف کے ممبئی حملے سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے تمام ممبران کے لیے اب معاملات کو سنبھالنا بہت مشکل ہوگیا یے کیونکہ نواز شریف نے ملک کی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جنگ شروع کردی ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوزآئی' میں بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ 'وزیراعظم ایک حلف اٹھاتا ہے کہ ملک کے تمام اہم راز وہ اپنے سینے میں دفن رکھے گا مگر سابق وزیراعظم نواز شریف اب دھمکیاں دے رہیں ہے کہ وہ سینے میں دفن راز افشاں کردیں گے اور جس کا باقاعدہ آغاز وہ کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کو ناقابل تسخیر بنانے والے کے خلاف غداری کی باتیں ہورہی ہیں، وزیراعظم

انھوں نے کہا کہ 'مسلم لیگ(ن) کے تمام پارلیمنٹیرین یا تو پارٹی کے قائد نواز شریف کا دفاع کریں یا پاکستان کا دفاع کریں'۔

پروگرام کے دوسرے مہمان اور دفاعی تجزیہ کار امجد شعیب نے کہا کہ نواز شریف کے ممبئی حملے سے متعلق متنازع بیان پر قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا جاری کردہ اعلامیہ کچھ اورتھا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں جو بات کی وہ اس سے مختلف تھی۔

انہوں نے کہا کہ 'اس عمل سے سب سے زیادہ نقصان وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خود ہوا ہے کیونکہ قومی اسمبلی میں اپنے قائد نوازشریف کے دفاع میں اپنے بیان سے وہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اراکین کا اعتماد بھی کھو چکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ 'ہمیں افسوس ہوتا ہے کہ نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان نے پاکستان کو اتنا بڑا نقصان پہنچایا ہے اور بجائے اس پر معافی مانگنے کے مسلم لیگ(ن) اور اس کی قیادت کی جانب سے اس بیان کے حق میں جواز پیش کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: نوازشریف کے بیان کی بھارتی میڈیا نے غلط تشریح کی، ترجمان مسلم لیگ(ن)

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ڈان اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں نواز شریف نے جو باتیں کیں اس کی بھارتی میڈیا نے غلط تشریح کی اور اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا جبکہ ان باتوں کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس انٹرویو میں غیر ریاستی عناصر کے حوالے سے جو باتیں کی گئیں ان کی غلط تشریح کی گئی اور ممبئی حملوں میں پاکستان سے دہشت گردوں کو بھیجا گیا اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

انھوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک پر حملے کے لیے ہماری جماعت اپنی سرزمین کو استعمال نہیں کرنے دے گی۔

وزیراعظم نے مخالف جماعتوں سے گزارش کی کہ ان معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے ہندوستان کا آلہ کار نہ بنیں۔

تبصرے (0) بند ہیں