رمضان میں سموسہ کتنے کا ملے گا؟

16 مئ 2018
کمشنر کراچی نے  اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کا تعین کردیا —۔
کمشنر کراچی نے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کا تعین کردیا —۔

کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے رمضان المبارک کے لیے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کا تعین کردیا۔

کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں کی فہرست میں مکس پکوڑے، سموسے، کھجلہ، پھینی، دال چنہ، چینی، سفید کابلی چنے اور بیسن اور دیگر اشیاء کی قیمتیں مقرر کی گئیں ہیں۔

مکس پکوڑوں کی قیمت 200 روپے فی کلو مقرر کی گئی، جبکہ سموسے کی فی درجن قیمت 120 روپے طے کی گئی ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت کے مطابق رمضان کے دوران ایک سموسہ 10 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

دال چنہ اپنی پرانی قیمت 95 روپے کلو برقرار رہے گی جبکہ چینی کی قیمت میں ایک روپے فی کلو اضافہ کرتے ہوئے رقم بڑھا کر 53 روپے کردی گئی۔

رمضان المبارک میں سحری کی سوغات کھجلے کی قیمت 300 اور پھینی کی قیمت 312 روپے کلو مقرر کی گئی۔

اس کے علاوہ سفید کابلی چنے کی قیمت 150 روپے کلو پر برقرار رکھی گئی ہے۔

رمضان میں بیسن کا استعمال بہت زیادہ کیا جاتا ہے جس کے باعث بیسن کی قیمت 120 سے کم کرکے فی کلو 100 روپے مقرر کردی گئی۔

یاد رہے کہ کمشنر کراچی کی جانب سے ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو جاری فہرست پر عمل درآمد یکم رمضان سے ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں