پاکستانی ٹی وی چینیلز کے معروف اسٹار فیصل قریشی کا نیا ڈرامہ جذباتی اتار چڑھاﺅ پر مشتمل ہوگا۔

'بابا جانی' نامی ڈرامہ لو اسٹوری نہیں بلکہ یہ خاندان کے گرد گھومنے والی کہانی ہے جس کی کہانی بہت زیادہ ڈرامائی ہوگی۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے فیصل قریشی نے اس سیریل کے حوالے سے بتایا ' بابا جانی ایک فیملی ڈرامہ ہے، یہ 3 بہنوں اور ایک بھائی کی کہانی ہے، میں اس بھائی کا کردار ادا کررہا ہوں جس کا نام اسفند ہے اور اس سے بڑی ایک بہن ہے جبکہ 2 بہنیں چھوٹی ہیں'۔

انہوں نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ اسفند نے اپنی ذات خاندان کے لیے وقف کردی ہے، جو ایک سادہ انسان ہونے کے ساتھ اپنے خاندان کے لیے زندگی قربان کرنے کے لیے تیار رہتا ہے۔

مزید پڑھیں : بشرمومن کےبعد فیصل قریشی مختلف روپ میں

انہوں نے مزید بتایا ' اس کی کہانی ایسے حالات اور مشکلات کے گرد گھومتی ہے جن کا سامنا اسفند کو اپنے خاندان کی خواہشات پوری کرنے کے دوران ہوتا ہے اور یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ لوگ اس کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں۔ یہ بہت زیادہ جذباتی اور ڈرامے سے بھرپور سیریل ہے، اور ایسے افراد کے بارے میں ہے جو اپنے خاندان کے لیے کچھ بھی کرگزرتے ہیں'۔

صبا حمید بڑی بہن کا کردار ادا کریں گی، جنان حسین دوسری بہن سندس کے روپ میں نظر آئیں گی جبکہ عدلہ خان سب سے چھوٹی بہن بنیں گی۔

شہریار زیدی کے حصے میں صبا حمید کے شوہر کا کردار آیا ہے، ان کے 2 بچوں کے کردار علی انصاری اور عریشہ راضی ادا کریں گے۔

اسی طرح عامر قریشی سند کے شوہر کا کردار ادا کریں گے۔

فیصل قریشن نے بتایا ' ڈرامے میں میری منگیتر کا کردار فریال محمود ادا کریں گی، مگر ان دونوں کی شادی نہیں ہوتی بلکہ کسی وجہ سے اسفند کی شادی سویرا ندیم کے کردار سے ہوجاتی ہے، ان کی بیٹی کا کردار مدیحہ امام ادا کریں گی۔ اسفند کے دوست کے کردار میں ٹیپو شریف نظر آئیں گی جبکہ ان کی بیوی ماریہ ادا کریں گی'۔

اگر کرداروں کو دیکھ کر الجھن کا شکار ہیں تو جان لیں کہ اس ڈرامے کی کاسٹ کافی بڑی ہے۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا ' ڈرامے میں مرکزی تنازع اسفندی، فریال اور مدیحہ کے کرداروں کے درمیان ہوگا'۔

انہوں نے بتایا ' ہم لوگوں کو ایک اچھا فیملی ڈرامہ دینا چاہتے ہیں، تاکہ لوگ اسے دیکھ کر لطف اندوز ہوسکیں'۔

اس ڈرامے کو فائزہ افتخار نے تحریر جبکہ علی فیضان نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان ٹیلی وژن کے یادگار ڈرامے

اس ڈرامے کے لیے فیصل قریشی کی پروڈکشن کمپنی نے کنکٹ اسٹوڈیوز سے اشتراک کیا اور شوٹنگ جاری ہے، توقع ہے کہ عید کے بعد یہ جیو پر نشر ہوگا۔

انگلش میں پڑھیں