چینی کمپنی ہیواوے کی ذیلی شاخ آنر نے اپنا نیا فلیگ شپ فون آنر 10 متعارف کرا دیا ہے جو کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس کیمروں کے ساتھ ہے جبکہ انڈر گلاس الٹروا سونک فنگر پرنٹ اسکینر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

آنر 10 میں کمپنی نے 5.84 انچ کی ایل سی ڈی اسکرین دی ہے جس میں 2280x1080 پکسل ریزولوشن اور 19:9 ریشو دیا گیا ہے۔

اس فون میں بھی آئی فون ایکس (10) جیسا نوچ موجود ہے، جس میں فرنٹ کیمرہ اور ایک ائیرپیس دیا گیا ہے، تاہم اگر کوئی چاہے تو سیٹنگ میں جاکر اس نوچ کو ختم کرکے اسٹیٹس بار بلیک کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : ہیواوے کے آئی فون سے بھی مہنگے فونز متعارف

اس اسمارٹ فون میں کمپنی نے اپنا اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس کیرین 970 پراسیسر دیا ہے جو کہ پی 20 اور پی 20 پرو میں بھی موجود ہے۔

اسی طرح 4 سے سکس جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے ساتھ اینڈرائیڈ اوریو 8.1 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ای ایم یو آئی 8.1 سے کیا ہے، تاہم اس میں اسٹوریج میں اضافے کے لیے ایس ڈی کارڈ کی سہولت موجود نہیں۔

فوٹو بشکریہ ہیواوے
فوٹو بشکریہ ہیواوے

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس میں موجود الٹراسونک فنگرپرنٹ اسکینر عام فنگرپرنٹ اسکینر سے زیادہ بہتر کام کرتا ہے۔

ویسے تو یہ اسکینر ہوم بٹن میں نظر آتا ہے مگر حقیقت میں اسے اسکرین کے اندر نصب کیا گیا ہے اور انگلیاں گیلی یا گندی ہونے پر بھی کام کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہیواوے کا آنر وی 10 فلیگ شپ فون متعارف

اس فون کی بیک پر 16 میگا پکسل اور 24 میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں اور دونوں لینسز میں ایف 1.8 آپرچر موجود ہے جبکہ ہیواوے پی سیریز کی طرح اشیاءکو شناخت کرنے والی اے آئی ٹیکنالوجی بھی موجود ہے۔

اسی طرح فرنٹ پر 24 میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے، جبکہ 3400 ایم اے ایچ بیٹری کو تیز چارج کرنے کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ دی گئی ہے جو کہ کمپنی کے مطابق 25 منٹ میں 50 فیصد تک چارج ہوجاتی ہے۔

یہ فون مختلف ممالک میں 399 یورو (4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ورژن، لگ بھگ 55 ہزار پاکستانی روپے) سے 449 یورو (سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوری، لگ بھگ 62 ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں