مشکوک باؤلنگ ایکشن سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے قانون کو تنقید کا نشانہ بنانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

محمد حفیظ پر گزشتہ سال تیسری مرتبہ مشکوک باؤلنگ ایکشن کے سبب پابندی لگی تھی اور حال ہی میں انہوں نے اپنا ایکشن کلیئر کیا تھا تاہم گزشتہ دنوں انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے آئی سی سی کے قانون پر سوالات اٹھائے تھے۔

حفیظ نے اس انٹرویو میں کہا تھا کہ مشکوک ایکشن کے حوالے سے کئی چیزیں اثرانداز ہوتی ہیں، اس کا بورڈز کی طاقتور ہونے سے بہت تعلق ہے اور کوئی بھی ان کھلاڑیوں پر پابندی لگا کر تعلقات خراب کرنا نہیں چاہتا۔

انہوں نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا تھا کہ آخر کوئی عام آنکھ باؤلنگ کرنے والے کے کندھے محض ایک یا دو ڈگری کے خم کو دیکھ سکتا تھا۔

50 ٹیسٹ، 200ون ڈے اور 81 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے آل راؤنڈر نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ مجھے ایکشن مشکوک قرار دیے جانے کے طریقہ کار پر شک ہے۔ یہ مشکوک ہے کیونکہ میچ ریفریز یا فیلڈ امپائرز ان کھلاڑیوں کے ایکشن کو کیوں نہیں دیکھتے دن کے کندھے میں 35ڈگری تک خم آتا ہے لیکن میرا 16ڈگری کا خم دیکھ لیا؟۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق آئی سی سی آفیشلز نے اس بیان پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جس کے بعد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ کیریئر میں کئی مرتبہ باؤلنگ ایکشن پر پابندی کا شکار ہوئے اور گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوران محمد حفیظ کا ایکشن ایک مرتبہ پھر مشکوک رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد 2 نومبر کو ان کا ٹیسٹ لیا گیا اور اسی ماہ ان کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے باؤلنگ پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ایک مرتبہ پھر غیر قانونی قرار

اس سے قبل محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن پہلی مرتبہ 2014 میں رپورٹ ہوا تھا اور اسی سال دسمبر میں انہیں باؤلنگ سے معطل کردیا گیا تھا تاہم آزادانہ جائزے کے بعد اپریل 2015 میں ان کے ایکشن کو درست قرار دے کر باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی۔

تاہم ان کی یہ خوشی زیادہ عرصے تک برقرار نہ رہی اور جون 2015 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوا، جس کے بعد جولائی 2015 میں ایکشن دوسری مرتبہ غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ پر ایک سال کی پابندی لگادی گئی تھی۔

نومبر 2016 میں حفیظ کا برسبین کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں ٹیسٹ لیا گیا جہاں ان کا ایکشن درست قرار پایا تھا اور انہیں باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم ایک سال کے اندر ہی ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہو گیا۔

رواں ماہ کے آغاز میں آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ ٹیم نے آف اسپنر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں باؤلنگ کی اجازت دے دی۔

تبصرے (0) بند ہیں