برطانیہ کے شاہی خاندان سے وابستہ شہزادہ ہیری سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

ان کی شادی کی تقریب لندن کے سینٹ جارجز چیپلز میں منعقد ہوئی، جس میں شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ میگھن مارکل کے والد دل کی بیماری کی وجہ سے اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت نہیں کر پائے اور اسی وجہ سے وہ شہزادے ہیری کے والد شہزادہ چارلس کے ہمراہ چرچ پہنچیں۔

میگھن مارکل شہزادہ چارلس کے ہمراہ چرچ پہنچ رہی ہیں — فوٹو اے ایف پی
میگھن مارکل شہزادہ چارلس کے ہمراہ چرچ پہنچ رہی ہیں — فوٹو اے ایف پی

اس دوران سابق اداکارہ سفید رنگ کے عروسی جوڑے میں نہایت خوبصورت نظر آئیں، جبکہ اس کی مالیت بھی 4 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد بتائی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: برطانوی شہزادے ہیری اور میگھن کی شادی کا خرچہ کتنا ہوگا؟

شادی کی تقریبات کا آغاز 12 بجے ہوا جس میں 600 سے زائد مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا، آرچ بشپ آف کینٹر بری نے شاہی خاندان کی اس شادی کی رسومات سرانجام دیں۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شادی کی تقریبات کے موقع پر انتہائی پُر مسرت نظر آئے — فوٹو اے ایف پی
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شادی کی تقریبات کے موقع پر انتہائی پُر مسرت نظر آئے — فوٹو اے ایف پی

اس موقع پر موسیقی کا بھی زبردست انتظام کیا گیا تھا۔

برطانوی شہزادے کی شادی کے حوالے سے برطانوی عوام میں بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے، اور ان کی شادی کے حوالے سے تقریبات براہِ راست دکھائی جاتی رہیں۔

خیال رہے کہ لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری کے ساتھ شادی کی تقریبات میں نظر آئے۔

شہزادہ ہیری اپنے بھائی شہزادہ ولیم کے ہمراہ موجود — فوٹو، اے ایف پی
شہزادہ ہیری اپنے بھائی شہزادہ ولیم کے ہمراہ موجود — فوٹو، اے ایف پی

خیال رہے کہ اس وقت شہزادہ ہیری کی عمر 33 سال جبکہ دلہن میگھن کی عمر 36 سال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی شادی: یادگار عروسی جوڑے

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے ہیں، جن کی امریکی اداکارہ میگھن مارکل سے محبت کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی آرہی تھیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ان دونوں نے منگنی کی تھی جس دوران شہزادہ ہیری نے میگھن مارکل کو ہیرے کی قیمتی انگوٹھی پہنچائی تھی۔

اس انگوٹھی کی خاص بات یہ تھی اس میں ہیری کی والدہ شزادی لیڈی ڈیانا کے بروچ کے ہیرے جڑے گئے تھے۔

شادی کے موقع پر امریکی ادارکار جارج کلونی، بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا، ٹینس اسٹار سرینا ولیمز، سابق انگلش فٹبالر ڈیوڈ بیکھم بھی موجود تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں