اسلام آباد: عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے، جس میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 55 دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن حکام نے بتایا ماضی میں 48 دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جاتا رہا ہے، لیکن آئندہ عام انتخابات کے شیڈول میں 7 روز زیادہ دیئے جائیں گے۔

حکام نے کہا کہ انتخابی دن سے 28 دن قبل امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی، امیدواروں کو انتخابی مہم کے لیے 21 کی بجائے 28 دن دیئے جائیں گے، جبکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی انتخابی روز سے 28 روز قبل شروع ہوجائے گی۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق آئین کے تحت الیکشن کمیشن کو 31 جولائی تک ہر صورت انتخابات کرانا ہوں گے، 55 دنوں پر مشتمل انتخابی شیڈول کا اعلان پولنگ ڈے سے 60 روز قبل متوقع ہے، آئندہ عام انتخابات کے لیے 25 سے 31 جولائی کے درمیان کی تاریخ رکھی جائے گی جبکہ عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: عام انتخابات میں جوڈیشل افسران کی خدمات حاصل کی جائیں گی، ای سی پی

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی مہم کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 581 ہو گئی ہے۔

مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 63 ہزار 228 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 58 لاکھ 4 ہزار 353 ہے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مرد اور خواتین ووٹرز کے فرق میں بھی اضافہ ہوا ہے اور نئی ووٹر فہرستوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں ایک کروڑ 26 لاکھ 58 ہزار 875 کا فرق موجود ہے۔

الیکشن کمیشن حکام نے بتایا ہے کہ جولائی 2018 کے عام انتخابات کے لیے ووٹرز کی حتمی فہرست 31 مئی تک جاری کردی جائے گی۔

نئے ووٹرز کی رجسٹریشن، تبدیلی، منتقلی، اندراج اور اخراج کے لیے 30 اپریل تک کا وقت دیا گیا تھا، اس وقت نئی انتخابی فہرستوں پر کام جاری ہے اور حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ساڑھے 10 کروڑ سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئی حلقہ بندیاں:وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں کی نشستوں میں اضافہ

حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے لگ بھگ 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔

پورے ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور تربیت یافتہ انتخابی عملے نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام نے امید ظاہر کی کہ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کے لیے حتمی پولنگ اسکیم کا بھی اعلان کردیا جائے گا، انتخابات کے لیے تقریباً 90 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت کے بعد 5 مئی کو نئی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی تھی۔

پورے ملک میں قومی اسمبلی کے 272 حلقوں پر عام انتخابات ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے 272 حلقوں میں خیبر پختوںخوا کے 39، فاٹا کے 12، اسلام آباد کے 3، پنجاب کے 141، سندھ کے 61 جبکہ بلوچستان کے 16 حلقے شامل ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN May 19, 2018 06:01pm
پاکستان میں عام انتخابات 15 جولائی سے قبل کرائے جائیں کیونکہ سندھ میں 15 جولائی سے اسکول کھل جائینگے ، اس کے بعد انتخابات سے اسکولوں میں تعلیم متاثر ہوگی۔